پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی پی پی کا گلگت بلتستان سے 3 نسلوں کا رشتہ ہے، انتخابات میں کامیابی کے بعد وہ کام کرکے دکھائیں گے جو تاریخ یاد رکھے گی۔
استور میں انتخابی مہم کے دوران ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ہم جمہوری طریقوں سے اپنی انتخابی مہم چلارہے ہیں دوسری طرف کٹھ پتلیوں کے وزیر جگہ جگہ جا کر پیسے بانٹ رہے ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’دو سال تک انہیں معلوم ہی نہیں تھا کہ گلگت بلتستان بھی کوئی علاقہ تھا اب یہ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یہاں پیسہ بانٹ رہے ہیں، گلگت بلتستان کی عوام بکنے والی نہیں ہے، میں عوام سے کہتا ہوں کہ وہ ان سے پیسہ ضرور لے لے مگر ووٹ پیپلز پارٹی کو دے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سلیکٹڈ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ میں پیکج کا اعلان اس لیے نہیں کرسکتا کیونکہ انتخابات قریب ہیں، دو سال سے آپ کو کس نے روکا تھا، یہ بعد میں بھی کوئی پیکج نہیں دیں گے، انہوں نے تو میانوالی کو بھی کوئی پیکج نہیں دیا‘۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ’میں اس خطے کو صوبہ بھی بناؤنگا، سبسڈی بھی دلواؤنگا اور عوام کو ٹیکس سے بھی بچاؤنگا‘۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں گندم، تیل پر سبسڈی بھٹو شہید کا کارنامہ ہے اسے چھیننے نہیں دیں گے۔
انہوں نے وعدہ کیا کہ ’حکومت بنانے کے بعد ہم یہاں سڑکیں بنائیں گے اور گلگت بلتستان کا اسلام آباد سے اور کشمیر سے فاصلہ کم کریں گے اور اسکردو کے لیے بھی سڑک بنائیں گے جو اسے آپس میں جوڑے گا‘۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں مفت علاج کے ہسپتالوں کا جال بچھا دیا ہے اور وعدہ کیا کہ ’گلگت بلتستان میں بھی حکومت میں آنے کے بعد مفت علاج کی سہولیات تعمیر کریں گے‘۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کی عوام اپنی زمین کی مالک بنے اور یہاں کے پہاڑوں میں جو بھی معدنیات چھپے ہیں ان کی بھی مالک بنے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’الیکشن کمشنر کو آپ کے ووٹ کو تحفظ دلانا چاہیے تھا مگر وہ اسلام آباد میں ہمارے خلاف پریس کانفرنس کررہے ہیں، حکومت گھبرارہی ہے کہ ان کے چنے ہوے نمائندے ہار رہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’الیکشن کمشنر کو یہاں ڈیوٹی دینی چاہیے تھی وہ بتائیں کہ اسلام آباد میں کیا کر رہے ہیں اور کس سے ملاقاتیں کررہے ہیں‘۔