ن لیگ کو مشورہ دیتاہوں وہ بھی مسلم لیگ پاکستان بنا لے، شبلی فراز


وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا بیانیہ کسی صورت ملکی مفاد میں نہیں جبکہ اپوزیشن کو ملک کے خلاف بات کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

پریس کانفرنس میں شبلی فراز کاکہنا تھا کہ جب حکومت سنبھالی ملک کی معیشت خراب تھی، ہم دیوالیہ کےقریب تھے لیکن وزیراعظم نے دوست ممالک کےساتھ مل کر ملک کودیوالیہ ہونے سے بچایا ، اگر ہم ڈیفالٹ ہوجاتے تو ملک کی کرنسی بہت حد تک گرجاتی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں عدم استحکام ڈان لیکس سے شروع ہوا، عدم استحکام 2017 میں جی ٹی روڈ پر مجھے کیوں نکالا کی صورت میں نظر آیا، کراچی میں مزار قائد کی توہین کی گئی، بلوچستان کےخلاف بات کی گئی، ایاز صادق نے ایسی تقریر کی جس سے پاکستان میں بحث چھڑ گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اداروں میں ٹکراؤ کی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ملک کو عدام استحکام سے دوچار کرنے کیلئے یہ بیانیہ بنایا جارہا ہے ، ایازصادق کو کوئی ندامت نہیں ہے، نہ معافی مانگناچاہتےہیں اور نہ تردید کی، اس قسم کے بیانات پر حساب لیاجائے گا کوئی رعایت نہیں برتی جائےگی، اب قومی مفادات پر سیاست ہوگی ۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا بیانیہ کسی طرح قومی مفاد میں نہیں ہے، ہمارےسپہ سالار سے متعلق کتنی غلط باتیں ہورہی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، اس طرح کی باتوں سے ملکی مفاد کو آپ آگے نہیں پیچھےکی طرف دھکیل رہے ہیں۔

انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ملکی مفاد کے بجائے ذاتی مفادات کا تحفظ کرنا چاہ رہی ہے، مسلم لیگ ن کس سسٹم کی مرہون منت ہے سب کو پتا ہے، یہ وہ لوگ ہیں جنھوں نے سیاسی جدوجہد نہیں کی، اپوزیشن اب انقلابی بن رہی ہے، اب ان کو احمد فراز یاد آرہےہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو مشورہ دیتاہوں وہ بھی مسلم لیگ پاکستان بنا لے، ایک اور بھی تھاجو لندن میں بیٹھ کر انتشار پھیلارہاتھا، ان کی پاکستان پارٹی بن گئی، اپوزیشن کو ملک کے خلاف بات کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، مریم نواز، بلاول بھٹو اور فضل الرحمان کا بیانیہ کھل کر سامنے آرہا ہے۔

’کرائے کے ترجمان ہندوستانی میڈیا کے ایماء پر غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنا بند کریں‘

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہا ہے کہ شبلی فراز کو انقلاب دیکھنا ہے تو سبزی، دوائی اور کریانےکی دکان پر جاکر دیکھیں،کرائے کے ترجمانوں نے انقلاب دیکھنا ہے تو بازاروں میں جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تباہ معیشت، ناکام خارجہ پالیسی، سقوط کشمیر کے خلاف عوام انقلاب لا رہی ہے، کرائے کے ترجمان ہندوستانی میڈیا کے ایماء پر غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنا بند کریں۔


اپنا تبصرہ لکھیں