لاہور: وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا اتحاد دسمبر نہیں دیکھ پائے گا جب کہ شریف خاندان میں پھوٹ پڑ چکی ہے اور مریم نواز نے مسلم لیگ کو اپنے نام سے رجسٹر کروانے کے لیے قانون مشاورت مکمل کر لی ہے۔
ایوان وزیراعلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض چوہان نےکہا کہ شریف خاندان میں سخت پھوٹ پڑ چکی ہے، شہباز شریف کی فیملی کا جاتی امرہ میں داخلہ بند کر دیا گیا ہے،جتنا (م) لیگ کھل کر کھیلے گی اتنا ہی خود کو نقصان پہنچائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان بھی ان کے بیانیے کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے جب ایاز صادق سمیت جو بھی پی ڈی ایم قیادت انڈین بیانیے کے ساتھ چل رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا جائے اور ملک دشمن بیانیے والی قیادت کو نشان عبرت بنایا جائے۔
فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی قیادت اندر سے کھوکھلی ہوچکی ہے ان کو حکمت عملی کے تحت کھل کر کھیلنے کا موقع دیا تاکہ ایکسپوز ہوجائیں لیکن اب ان کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔