اپوزیشن کی تحریک سے مارشل لا لگنے کا کوئی امکان نہیں: مریم نواز


مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک سے ملک میں مارشل لا لگنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی تحریک زور پکڑ رہی ہے، اور کوئٹہ کا جلسہ بہت اچھا ہو گا۔

مریم نواز نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک سے مارشل لا لگنے کا کوئی امکان نہیں ہے، عوام کو اب معلوم ہو گیا کہ مافیا کون ہے؟ یہ مارکیٹ سے اشیاء غائب کر کے مہنگے داموں مارکیٹ میں لاتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے انتظار کیا کہ یہ لوگ حکومت کیسے کرتے ہیں مگر یہ ناکام ہوگئے، اب اس حکومت کا عوام کے سامنے ٹھہرنا مشکل ہے۔

اپوزیشن رہنماؤں کے ایک دوسرے کے خلاف بیانات پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کو سڑکوں پر گھسیٹنے کی باتیں ماضی کا حصہ ہیں۔

خیال رہے کہ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا تیسرا جلسہ آج کوئٹہ میں ہونے جا رہا ہے جس کے لیے تمام تر انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔

دوسری جانب نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے کوئٹہ میں دہشت گرد حملے کا تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردارکیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) نے پشاور اور کوئٹہ میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کی ہے۔

نیکٹا کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے بم اور خودکش دھماکوں سے سیاسی اور مذہبی قیادت کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں