لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز کو جیل میں قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور کی احتساب عدالت میں ن لیگ کی شہباز شریف کو سہولتوں کی فراہمی سے متعلق درخواست پر ایڈمن جج جواد الحسن نے سماعت کی۔
سماعت کے دوران احتساب عدالت نے درخواست پر فیصلہ سنایا اور شہباز شریف کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے شہباز شریف کی میڈیکل ہسٹری کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کو میٹریس، کرسی، گھر کا کھانا اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر سپرنٹنڈنٹ جیل سے سہولیات سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔
خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا تاہم گزشتہ روز عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر کوٹ لکھپت جیل بھیج دیا تھا۔
بعد ازاں مسلم لیگ (ن) نے پارٹی صدر کو جیل میں سہولیات نہ دینے کا ذمہ دار وزیراعظم عمران خان کو ٹھہرایا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ اب اپوزیشن مختلف عمران خان دیکھے گی، اب کسی ڈاکو کو پروڈکشن آرڈر نہیں ملے گا، اب سے ان کو کوئی وی آئی پی جیل نہیں ملے گے بلکہ عام جیل ملے گی۔