وزیراعظم کا مہنگائی کم کرنے میں رکاوٹ بننے والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ


وزیراعظم عمران خان نے قیمتوں میں کمی میں رکاوٹ بننے والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، اپوزیشن کے جلسے اور تحریک سمیت منہگائی کی صورتحال پر مشاورت ہوئی اور وزارء نے تجاویز دیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کابینہ کو پنجاب میں سہولت بازار لگانے کے فیصلے پر بھی اعتماد میں لیا، گندم، چینی کی مقررہ ہدف تک درآمد کے بعد اشیائے خوردونوش کی قیمتیں کم ہوں گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا اور وزیراعظم نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے وزیراعظم نے وفاقی محکموں اور صوبائی حکومتوں سے مشاورت بھی کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے مہنگائی کے خاتمے میں رکاوٹ بننے والوں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے پنجاب، خیبرپختونختوا اور اسلام آباد میں سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے سے متعلق اجلاس کی صدارت کی تھی، اجلاس میں پنجاب کے مختلف شہروں میں سستے بازار لگانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹائیگر فورس کو ذمہ داری سونپی تھی کہ ٹائیگر فورس کے رضاکار اپنے اپنے علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر نظر رکھیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں