گوگل کا ایک اور سروس صارفین کو جلد مفت فراہم کرنیکا اعلان


گوگل نے رواں سال اپریل میں اپنی ویڈیو کانفرنسنگ سروس میٹ کو تمام صارفین کے لیے مفت کردیا تھا۔

اب بہت جلد گوگل کی جانب سے ایک اور اہم سروس کو مفت صارفین تک جی میل کے ذریعے پہنچایا جائے گا۔

جی ہاں گوگل کی جاانب سے ایک بار پھر اپنی میسجنگ ایپ حکمت عملی کو تبدیل کیا جارہا ہے اور گوگل چیٹ کو ہر ایک کے لیے 2021 کے شروع میں مفت کیا جارہا ہے جو کہ جی میل میں ہینگ آؤٹس کی جگہ لے گی۔

گوگل چیٹ اس کمپنی کی انٹرپرائز چیٹ ایپ ہے جو کاروباری اداروں کے لیے متعارف کرائی گئی تھی۔

اس کے فیچرز ہینگ آؤٹس سے کافی حد تک ملتے جلتے ہیں مگر اس میں ری ایکشنز اور رئیپلائی سیجیشنز جیسے اضافی فیچرز بھی ہیں۔

مگر اگلے سال کے شروع سے گوگل چیٹ کی دستیابی صرف گوگل ورک اسپیس (جسے پہلے جی سیوٹ کا کہا جاتا تھا) استعمال کرنے والے کاروباری اداروں تک محدود نہیں ہوگی، بلکہ اپ گریڈ چیٹ ایپ جی میل استعمال کرنے والے تمام صارفین کو دستیاب ہوگی۔

گوگل نے ایک بیان میں بتایا ‘اگلے سال چیٹ مفت سروس کے طور پر دستیاب ہوگی اور وہ بھی جی میل کے ساتھ اور خودمختار ایپ کی شکل میں’۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ اس سے صارفین کو 2021 کی پہلی ششماہی کے دوران اپ گریڈنگ کی سہولت ملے گی جبکہ ہینگ آؤٹس چیٹ کی ہستری خودکار طور پر چیٹ میں منتقل ہوجائے گی۔

یہ اپ ڈیٹ چند دیگر تبدیلیوں کے ساتھ ان افراد پر اثرانداز ہوگی جو ابھی جیل میل سے باہر ہینگ آؤٹس استعمال کرتے ہیں۔

یعنی اب ہینگ آؤٹس میں کال کا آپشن میسجز یا وائس ایپ میں منتقل ہوگا اور کمپنی 2021 میں کسی وقت ہینگ آؤٹس کی وائس سپورٹ مکمل طور پر ختم کرنا چاہتی ہے۔

گوگل کی جانب سے اگلے سال کے آخر تک ہینگ آؤٹس کو ورک اسپیس سے بھی نکالنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور بتدریج اس کی جگہ نئی میسجنگ سروسز کو دی جائے گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں