ذرا گنگنائیے… گوگل آپ کا مطلوبہ نغمہ خود ہی تلاش کرلے گا!


سلیکان ویلی: 

گوگل نے انٹرنیٹ پر موسیقی کی تلاش کا ایک نیا انداز پیش کیا ہے: اگر آپ کوئی خاص نغمہ یا موسیقی کا نمونہ تلاش کرنا چاہتے ہیں تو گوگل کا نیا فیچر ’’ہم ٹو سرچ‘‘ (hum to search) استعمال کرتے ہوئے اس کا کچھ حصہ (10 سے 15 سیکنڈ تک) گنگنا دیجئے، چاہے وہ کتنا ہی مبہم کیوں نہ ہو۔ گوگل اس سے ملتی جلتی تمام دھنیں اور گانے ڈھونڈ نکالے گا۔اس بات کا اعلان گزشتہ روز گوگل کے آفیشل بلاگ میں کیا گیا ہے۔ بنیادی طور پر اس کا انحصار وائس سرچ کی تکنیکوں پر ہے جنہیں خاص طور پر موسیقی اور نغمے تلاش کرنے کی غرض سے مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ سہولت گوگل وائس سرچ میں ’’سرچ اے سانگ‘‘ کے عنوان سے متعارف کروائی جاسکتی ہے۔

جو گانا بھی تلاش کرنا ہو اسے گنگنانے کے علاوہ آپ اس انداز میں سیٹی بھی بجا سکتے ہیں، گوگل تب بھی اس سے ملتی جلتی دھن یا نغمہ تلاش کرلے گا۔

گوگل بلاگ کے مطابق، ہر نغمے اور ہر دھن میں کچھ منفرد خصوصیات ہوتی ہیں جنہیں اس کے ’’فنگر پرنٹس‘‘ قرار دیا جاسکتا ہے۔

’’ہم ٹو سرچ‘‘ فیچر کا الگورتھم اتنا ذہین ہے کہ وہ آپ کی گنگنائی ہوئی دھن کے ’’فنگر پرنٹس‘‘ کا موازنہ دوسری دھنوں اور نغموں کے مخصوص فنگر پرنٹس سے کرتا ہے اور سیکنڈ بھر میں اس سے ملتی جلتی دھنیں اور نغمے ’’سرچ رزلٹس‘‘ میں ظاہر کردیتا ہے۔

فی الحال ایپل آئی فون کےلیے یہ فیچر صرف انگلش گانوں کو سپورٹ کرتا ہے، تاہم اینڈروئیڈ والے دیگر تمام اسمارٹ فونز میں یہ فیچر 20 زبانوں میں نغموں کو تلاش کرسکتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں