مائیکروسافٹ نے اینڈرائیڈ فون صارفین کو تاوان مانگنے والے وائرس سے خبردار کردیا


مائیکرو سافٹ نے اینڈرائیڈ صارفین کو خبردار کیا ہے کہ نیا وائرس آپ کے لیے مشکلات کھڑی کرسکتا ہے اس رینسوم ویئر کو ’’ مال لاکر ڈاٹ بی‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ 

اسمارٹ فون زندگی کی ضرورت بن گیا ہے اور اس ایک فون میں ذاتی زندگی سے متعلق ایسی معلومات ہوتی ہیں جو کوئی نہیں چاہے گا کہ ’’ادھر ادھر‘‘ ہوجائیں۔ ذاتی کوائف، جائیداد و بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات ان کے سوا ہیں جس کے باعث اسمارٹ فون ہمیشہ سے ہیکرز کا نشانہ بنتے رہے ہیں یا صارفین کسی وائرس کا شکار ہو کر اہم معلومات سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

مائیکروسافٹ نے اینڈرائیڈ فون صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ ان کے اسمارٹ فونز کے لیے خطرناک  قسم کا وائرس MalLocker.B آن لائن فورمز اور ویب سائٹسں کے ذریعے منتقل ہو رہا ہے اور یہ وائرس زیادہ تر اینڈرائیڈ ایپس کے اندر چھپا ہوتا ہے لہذا ایپس ڈاؤن لوڈ کرتے وقت محتاط رہیں۔

یہ وائرس کیا کرتا ہے 

اگر یہ مالویئر کسی فون میں گھس آئے تو سب سے پہلے صارف کو فون کی اسکرین تک رسائی سے روکتا ہے، دیگر رینسم ویئر کے برخلاف ’’مال لاکر ڈاٹ بی‘‘ فون کی زبان کو خفیہ نہیں کرتا اور یہ ایسا پیغام دکھاتا ہے جس میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی طرف سے ہونے کا دعوی کیا جاتا ہے اور اسکرین کو غیر مقفل کرنے کے لئے تاوان کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔

صارف کی جانب سے ہوم یا کسی اور بٹن کو دبانے کی ہر کوشش کے باوجود اسکرین کام نہیں کرتی اور ’’ہیکرز‘‘ کی طرف سے اسکرین کھولنے کے عوض رقم کے مطالبے پر مبنی دھمکی آمیز پیغامات دکھائی دیتے ہیں۔ اس مالویئر کا کوڈ بہت آسان ہے اور یہ ایک سے زیادہ فون میں آسانی سے منتقل ہو سکتا ہے۔

اینڈرائیڈ فون صارفین اس میلویئر سے بچنے کے لیے کیا کریں 

مائیکرو سافٹ نے اینڈرائیڈ فون صارفین کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ایسی ایپ کوڈاؤن لوڈ نہ کریں جس کا لنک واضح نہ ہو، سورس مشکوک ہو اور جو معروف بھی نہ ہو۔ ہمیشہ محفوظ قابل بھروسہ اور معروف ایپس ہی ڈاؤن لوڈ کریں۔


اپنا تبصرہ لکھیں