وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاک فوج ہی ملک کی جمہوریت، معیشت اور ملک کا استحکام ہے۔
شیخ رشید کا نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جلسے جلوس اپوزیشن کا حق ہے لیکن اگر اپوزیشن نے شرپسندی کی جلاؤ گھیراؤ کیا تو قانون حرکت میں آئے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کو کہنا چاہتا ہوں کہ جلسے جلوسوں سے کورونا پھیلنے اور دہشت گردی کا بھی اندیشہ ہے، دہشتگرد تنظیمیں پاکستان میں خانہ جنگی کرانے کے لیے کچھ بھی کرسکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج کے خلاف سازش ہورہی ہے جس میں غیر ملکی طاقتیں ملوث ہیں، پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن دنیا ادھر سے ادھر ہو جائے پاک فوج پاکستان میں عدم استحکام نہیں ہونے دے گی، ملک کی جمہوریت فوج ہے، ملکی معیشت فوج ہے اور ملک کا استحکام فوج ہے، پاکستان کی ترقی میں فوج کا کلیدی کردار ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو کل بھرپور جواب اور واضح پیغام دیا کہ کچھ بھی ہو جائے این آر او نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی تجربے پر اپوزیشن کو خبردار کرنا چاہتا ہوں، یہ نہ ہو ساری عمر آپ پچھتائیں، اور اپوزیشن ٹانگوں کے نیچے ہاتھ ڈال کر کانوں کو ہاتھ لگائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سالمیت بقا اور ترقی میں فوج کا کلیدی کردار ہے، فوج سے لڑنے کے لیے نکلنے والے پاکستان کے دشمنوں کے کہے میں ہیں، دشمنوں کے کہے میں آنے والے سمجھ لیں کہ تہماری داستان نہ ہو گی داستانوں میں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو باہر گئے سال ہو گیا لیکن ان کا کوئی آپریشن نہیں ہوا، نواز شریف ساری دنیا کو بےوقوف بنا کر لندن چلے گئے، اب کبھی واپس نہیں آئیں گے، نواز شریف چاہتے ہیں کوئی ایسا گیم دوبارہ بنے کہ ان کے لیے رعایت کی صورتحال بنے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم تشدد کی سیاست کی جانب جا رہی ہے، ہم مدرسوں کو دین کے عظیم مینار سمجھتے ہیں، مولانا فضل الرحمان قابل احترام لیکن وہ مذہبی کارڈ کھیلنے جا رہے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا فضل الرحمان جتنا بھی دعویٰ کر لیں قومی اسمبلی میں ان کی 9 سیٹیں ہیں، مولانا فضل الرحمان کا ایجنڈا مدرسوں کے طلبا کو سیاست میں جھونکنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ پہلے ہاتھ ہوا تھا اب ہتھوڑ ہو گا، گھبرائیں نہیں انہیں کچھ نہیں ملتا، سورج مشرق سے مغرب میں نکل آئے تو بھی مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری کی کوئی سیاست نہیں ہے۔
وزیر ریلوے نے ایک بار پھر کہا کہ پیپلز پارٹی اسمبلی سے استعفے نہیں دے گی، آصف زرداری اور بلاول سندھ سے استعفی دے کر کیا کریں گے، اگلی دفعہ تو انہیں سندھ بھی نہیں ملے گا۔