نواز شریف متحدہ بانی ٹو بن چکے ہیں: شہریار آفریدی


لاہور: چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی کا کہنا ہے کہ نواز شریف متحدہ بانی ٹو بن چکے ہیں اور ان کا بیانیہ پاکستان مخالف قوتوں کا ہے۔

جی سی یونیورسٹی لاہور میں کشمیر سیمینار کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی اپنے قومی مفادات پر قدغن برداشت نہیں کرتا، نواز شریف عدلیہ پر چڑھائی والی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں، جب اقتدار میں تھے تب بیانیہ کہاں تھا۔

چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ سپریم کورٹ پر چڑھائی والی پرانی سوچ ابھررہی ہے، وزیراعظم عمران خان ملک کو نقصان پہنچانے اور دولت لوٹنے والوں کو این آر او نہیں دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف متحدہ بانی ٹو بن چکے ہیں اور ان کا بیانیہ پاکستان مخالف قوتوں کا ہے۔

شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر ایک سیاست دان یا ایک افسر کرپٹ ہے تو پورے ادارے کو کرپٹ نہیں کہا جا سکتا، رانا ثناء اللہ سپریم کورٹ کے پیچھے چھپے بیٹھے ہیں، وقت ثابت کرے گا کہ رانا ثناء اللہ کے کرتوت کیا تھے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اب اقلیتوں کو پیغام دے رہا ہے کہ ہندو ہی بھارت میں برتر ہیں، کشمیر ایشو پر بہترین حکمت عملی سے بھارت کو ایکسپوز کریں گے، باہر سے آکر کوئی ہماری مدد نہیں کرے گا،  ہمیں اپنی مدد خود کرنا ہو گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں