اسلام آباد:
وفاقی حکومت نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف) کی ایک اور شرط پر عملدرآمد کرنے کیلئے قومی بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والی کالعدم تنظیموں اور ان سے منسلک افراد کی نشاندہی کیلئے سپروائزری بورڈ تشکیل دیدیا۔وفاقی حکومت کی جانب سے قائم کردہ سپروائزری بورڈ نیشنل سیونگ رولز پر عملدرآمد یقینی بنائے گا اور رولز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے گا جبکہ منی لانڈرنگ و دہشت گردی کیلئے فنڈز جمع کرنے سے روکا جائے گا۔
قومی بچت اسکیموں میں مشکوک سرمایہ کاری کو بحق سرکار ضبط کرکے ملوث افراد کے خلاف کارروائی بھی ہوگی۔ وزارت خزانہ، اسٹیٹ بنک، ایس ای سی پی، ایف ایم یو حکام سپروائزری بورڈ میں شامل ہونگے۔
ایڈیشنل فنانس سیکرٹری وزارت خزانہ سپروائزری بورڈ کے چیئرمین مقرر کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈی جی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کو بھی سپروائزری بورڈ کا ممبر بنایا گیا ہے۔