گیس پریشر میں کمی کراچی میں بجلی کی طویل بندش کا نیا بن گیا، کے الیکٹرک سب کو ایک آنکھ سے دیکھنے اور ایک لاٹھی سے ہانکنے لگی۔
استثنیٰ کا ڈھکوسلا ختم اور پورا کراچی بجلی کے لیے نوگو ایریا بن گیا، نیو کراچی، لیاری، کھارادر، اور لانڈھی، ملیر سمیت جن علاقوں میں بجلی چوری یا بل بھرنے میں تاخیر ہوتی ہے، وہاں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔
رات رات بھر بجلی غائب کی جانے لگی، لیاقت آباد سی ون ایریا کا عالم یہ ہے کہ گزشتہ 60 گھنٹوں سے بجلی بند ہے۔
لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی 6 گھنٹے سے زائد تک لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ ان میں ڈیفنس، کلفٹن، گلشن اقبال، گلستان جوہر، ایف بی ایریا کے مختلف بلاکس،گارڈن ویسٹ اور دیگر علاقے شامل ہیں۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کم گیس پریشر کے باعث 400 میگاواٹ بجلی کی فراہمی متاثر ہے۔
دوسری جانب سوئی سدرن نے بھی سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشن 48 گھنٹے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور جمعرات کی صبح کھلنے والے گیس پمپس اب جمعہ کی صبح 8 بجے کھلیں گے۔