کراچی:
ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری ایک سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی جب کہ اگست کے مہینے میں 112.3 ملین ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے ریسرچ ہیڈ طاہر عباس نے ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپین، فرانس اور برطانیہ سمیت بیشتر یورپی ممالک میں ان ممالک میں اقتصادی سرگرمیوں کی بحالی کے بعد کووڈ 19 کی دوسری لہر نمودار ہوگئی جس کے باعث ان ممالک کو ہنوز معاشی بحران کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری میں یورپ کا بڑا حصہ ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق براہ راست بیرونی سرمایہ کاری ( ایف ڈی آئی ) گذشتہ مالی سال کی 200ملین ڈالر اوسط کے مقابلے میں رواں مالی سال نمایاں طور پر کم ہے۔
مالی سال 2020-21 کے ابتدائی 2 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 226.7 ملین ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی۔ طاہر عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کووڈ 19 پر قابو پالیا ہے اور یہاں اقتصادی سرگرمیاں اور معاشی اشاریے معمول کی جانب گامزن ہیں۔ حکومت اگرچہ غیرملکی سرمایہ کاری لانے کیلیے اقدامات کر رہی ہے مگر اس کا زیادہ انحصار سرمایہ کاری ممالک پر ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق اگست کے مہینے میں پاکستان میں ناروے نے 45 ملین ڈالر، نیدرلینڈز نے 21.3 اور مالٹا نے 18.5 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ دوسری جانب چین نے 20.5 ملین ڈالر کا سرمایہ نکال لیا۔
غیرملکی سرمایہ کاری میں نمایاں کمی کی وجہ یورپی ممالک میں کووڈ کی وجہ سے محدود اقتصادی سرگرمیاں اور بحرانی صورتحال ہے۔