یوٹیوب میں ٹک ٹاک جیسا مختصر ویڈیوز کا فیچر متعارف


اس وقت جب امریکا میں ٹک ٹاک غیر یقینی صورتحال کا سامنا کررہی ہے اور بھارت میں پابندی لگ چکی ہے، وہیں یوٹیوب نے مختصر ویڈیو پر مبنی یوٹیوب شارٹس کو متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

یہ نیا فیچر صارفین کو 15 سیکنڈ یا اس سے کم دورانیے کی ویڈیوز نئے کریٹیر ٹولز سے تیار کرکے اپ لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

آسان الفاظ میں یوٹیوب کا یہ نیا فیچر درحقیقت ٹک ٹاک سے ملتا جلتا ہے جس میں اسپیڈ کنٹرولز، ایک ٹائمر اور کاؤنٹ ڈاؤن فیچر بھی شامل ہے۔

ان مختصر ویڈیوز میں موسیقی کا اضافہ بھی کردیا جائے گا اور اس کے لیے یوٹیوب میں گانوں کی بہت بڑی لائبریری موجود ہے جو کمپنی کے مطابق وقت کے ساتھ مزید بڑی ہوتی جائے گی۔

اس کے علااوہ ملٹی سیگمنٹ کیمرا بھی صارفین کو متعدد ویڈیو کلپس ایک مختصر ویڈیو میں اکٹھا کرنے مین مدد فراہم کرے گا۔

اس طرح کے ٹولز ٹک ٹاک ویڈیو ریکارڈنگ میں عام استعمال ہوتے ہیں اور حال ہی میں انسٹاگرام نے چینی سوشل میڈیا ایپ کی نقل پر مبنی ٹول ریلز میں بھی ان فیچرز کو شامل کیا تھا۔

یوٹیوب میں ٹک ٹاک سے ملتا جلتا یہ فیچر اینڈرائیڈ ایپ میں نمایاں ہوگا اور بتدریج اسے آئی او ایس میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔

یوٹیوب کی جانب سے ٹک ٹاک کی یہ نقل سب سے پہلے بھارت میں متعارف کرائی جارہی ہے جو ٹک ٹاک کی سب سے بڑی مارکیٹ تھی مگر اب وہاں اسے پابندی کا سامنا ہے۔

آنے والے مہینوں میں یہ فیچر دیگر ممالک میں بھی صارفین کو دستیاب ہوگا۔

فوٹو بشکریہ یوٹیوب
فوٹو بشکریہ یوٹیوب

یوٹیوب شارٹس میں ویڈیوز کو ٹک ٹاک کی طرح ورٹیکل دیکھا جائے گا جبکہ کمپنی کی جانب سے پہلے یوٹیوب ہوم پیج میں واچنگ شارٹ ویڈیوز کا اضافہ کیا جاچکا ہے تاکہ اس طرح کے مواد کو تلاش کرنا آسان ہو۔

یوٹیوب نے کھ ماہ پہلے اس طرح کے مختصر ویڈیو کے فیچر کی آزمائش کا اعلان کیا تھا مگر تفصیلات یا نام بتانے سے گریز کیا تھا۔

اس موقع پر یوٹیوب کا کہنا تھا کہ اس فیچر میں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپس میں 15 سیکنڈ کی ویڈیوز ریکارڈ کی جاسکیں گی جس کی آزمائش محدود صارفین پر کی گئی۔

اب کمپنی نے اس کی تفصیلات ظاہر کی ہیں جس میں ٹک ٹاک کی طرح موسیقی کے ساتھ ریکارڈنگ، اسپیڈ کنٹرولز، ٹائمر اور کاؤنٹ ڈاؤن کے بارے میں بتایا گیا۔

یوٹیوب کی جانب سے یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب گزشتہ روز یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ ٹک ٹاک اب امریکا میں ممکنہ طور پر معروف کمپنی اوریکل کے ساتھ کام کرے گی۔

اس سے قبل ٹک ٹاک نے مائیکرو سافٹ کی جانب سے امریکی آپریشنز کی خریداری کے لیے مائیکروسافٹ کی پیش کش کو مسترد کردیا تھا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ’ٹک ٹاک‘ کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس نے مائیکرو سافٹ کے بجائے اوریکل کے ساتھ امریکا میں کام کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔

رپورٹ میں مذکورہ معاہدے سے منسلک ایک شخص کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’ٹک ٹاک‘ اپنے امریکی شیئرز مکمل طور پر امریکی سافٹ ویئر کمپنی ’اوریکل‘ کو فروخت کرے گا یا اس کے ساتھ مشترکہ طور پر کوئی نیا سیٹ بنایا جائے گا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ’ٹک ٹاک‘ کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس نے مائیکرو سافٹ کے بجائے اوریکل کے ساتھ امریکا میں کام کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔

رپورٹ میں مذکورہ معاہدے سے منسلک ایک شخص کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’ٹک ٹاک‘ اپنے امریکی شیئرز مکمل طور پر امریکی سافٹ ویئر کمپنی ’اوریکل‘ کو فروخت کرے گا یا اس کے ساتھ مشترکہ طور پر کوئی نیا سیٹ بنایا جائے گا۔

ٹک ٹاک کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا۔

انسٹاگرام، اسنیپ چیٹ اور اب یوٹیوب نے ٹک ٹاک کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اپنے مختصر ویڈیو فارمیٹس متعارف کرائے ہیں۔

یوٹیوب کا کہنا ہے کہ یہ نیا فیچر آئندہ چند روز میں بھارت میں دستیاب ہوگا اور وہاں دیکھا جائے گا کہ اس میں مزید کیا بہتری کی جاسکتی ہے اور کس طرح عالمی سطح پر متعارف کرایا جاسکتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں