کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے اداروں کو بند کردیں گے: شفقت محمود


اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے اداروں کو پہلے وارننگ دیں گے اور پھر بند کردیں گے۔

اسلام آباد میں اسکول کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ  جس دن کا انتظار تھا وہ آج آگیا، آج ایک مبارک دن ہے، یہ ایک امتحان کا دن بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم نے ڈٹ کر کورونا وبا کا مقابلہ کیا ہے، حکومت کی کاوشوں سے یہ دن آیا، حکومت کی مثالی کارکردگی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تمام تعلیمی اداروں سے گزارش ہے کہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور  والدین کو بھی چاہیے کہ ایس او پیز پر چیک رکھیں، ہر بچہ ماسک لازمی پہنے، چاہے گھر میں کپڑے کا ماسک بنا لیا جائے۔

شفقت محمود نے مزید کہا کہ امید ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد ہوگا، صوبائی حکومتیں بھی کوشش کررہی ہیں کہ ایس او پیز پر عملدرآمد ہو  اور ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پرپہلے وارننگ دیں،  پھر ادارہ بند کر دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ نے پڑھانےکے ساتھ ساتھ ایس او پیز پر عملدرآمد بھی کروانا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں