بیجنگ:
چین نے بیجنگ ٹریڈ فیئر میں کورونا وائرس کی ویکسین کی رونمائی کردی جو اس سال کے آخر تک مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے دارالحکومت میں ’’بیجنگ ٹریڈ فیئر ہفتہ‘‘ منایا جا رہا ہے جس میں مختلف کمپنیاں اپنی پروڈٖکٹس سے دنیا کو متعارف کرا رہی ہیں اور جسے دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں تاجروں اور عوام نے اسٹالز کا دورہ کیا۔
بیجنگ ٹریڈ فیئر کی سب سے خاص بات دو کمپنیوں سینو ویک بائیوٹیک اور سینو فارم کے اسٹال پر کورونا وائرس کی ویکسین CNBG کی رونمائی تھی۔ سال کے آخر تک تینوں ضروری ٹرائل مکمل ہوجائیں گے اور ویکسین مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔
کمپنی کے نمائندے کے مطابق سینو بائیوٹیک نے ویکسین کی تیاری کے لیے ایک علیحدہ فیکٹری بھی قائم کردی ہے جس میں 300 ملین ڈوزز کی ایک سال میں تیاری ممکن ہوسکے گی۔
دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا ویکسین کے اگلے ماہ تیاری کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویکسین کی تیاری سال دو سال کی دوری پر نہیں بلکہ بہت قریب ہے، اگلے ماہ سب کو ویکسین کی تیاری مکمل ہونے کا بڑا سرپرائز ملے گا۔
ادھر ٹرمپ مخالف امریکی صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے اس دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوا کی تیاری کے لیے تین ضروری ٹرائل مکمل ہونے سے قبل صدر ٹرمپ کا دعویٰ الیکشن مہم کا حصہ ہے۔