کراچی کیلئے ماضی کی تلخیاں بھلا کر وفاق کا ساتھ دیں گے: ترجمان سندھ حکومت


کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہم کراچی کے مسائل کے حل کے لیے اچھی نیت سے وفاقی حکومت کے ساتھ بیٹھے اور ماضی کی تمام تلخیوں کو سائیڈ میں رکھ کر وفاق کا ساتھ دیں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ سندھ میں بارشوں سے 25 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، 10 لاکھ ایکڑ زمین اور 15 ہزار گاؤں بارش سے متاثر ہوئے جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق سیلاب کی صورتحال میں حکومت سندھ کی مدد کرے تاکہ سیلاب متاثرین کی مدد کی جاسکے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ فروری 2019 میں وزیراعظم نے کراچی کے لیے 162ارب روپے کاوعدہ کیا تھا لیکن ماضی میں کراچی کے لیے جو اعلانات کیے گئے وہ پورے نہیں ہوئے۔

ترجمان سندھ حکومت نے مزید کہا کہ کراچی میں مقامی، صوبائی اور وفاقی حکومت کا اسٹیک ہے، سندھ حکومت سیاست سے بالاتر ہوکر وفاق کے ساتھ بیٹھی تاکہ مسائل حل کیےجائیں،  ہم کراچی کے مسائل کے حل  کے لیے اچھی نیت سےوفاقی حکومت کے ساتھ بیٹھے اور ماضی کی تمام تلخیوں کو سائیڈ میں رکھ کر وفاق کا ساتھ دیں گے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھاکہ وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے پلان کو پبلک کیا اور وفاق کے سامنے مطالبات رکھے، ہفتے کو اچھے ماحول میں میٹنگ ہوئی جس میں وزیراعظم نے پیکج کا اعلان کیا، جس پریس کانفرنس میں وزیراعظم نے کراچی پیکج کا اعلان کیا اس میں صحافی مدعو نہیں تھے لیکن صحافیوں نے ہم سے پوچھا کہ 1100 ارب میں800 ارب آپ کے ہیں یا الگ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کریڈٹ لے رہی ہے کہ 62 فیصد وہ انویسٹمنٹ کر رہی ہے لیکن حکومت 62 فیصد فنڈنگ کیسے لائے گی یہ نہیں بتایا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ  وزیراعلیٰ سندھ نے 802 ارب روپے کا ذکر پہلے کردیا تھا اور سندھ حکومت کی شیئرنگ کے تمام وسائل موجود ہیں، اگر اس پیکج کو بہتر استعمال کرتے ہیں تو اس سے بہت فرق پڑے گا، ہم نہیں چاہتے تھے کہ اس تفصیل میں جائیں کہ کون کیا کررہا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں