اسلام آباد: ملک بھر میں تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے پر اتفاق ہوگیا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزارت تعلیم اور صوبوں نے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔
اجلاس میں 15 ستمبر سے تعلیمی اداروں میں پڑھائی کا سلسلہ بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ 15ستمبر سے اسکولوں میں نویں، دسویں کی کلاسیں، کالج اور جامعات کھل جائیں گی۔
اجلاس میں پری پرائمری اور پرائمری کلاسز 30 ستمبر سے شروع کرنے پر بھی اتفاق کیاگیا جب کہ چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسیں 23 ستمبر سے شروع ہوں گی۔
اجلاس کے بعد میڈیاکو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ والدین کا شکریہ جنہوں نے انتہائی تحمل سے 6 ماہ گزارے، 15ستمبر سے ہائر ایجوکیشن کے ادارے اور کالجز کھل جائیں گےجب کہ نویں، دسویں اور گیارہویں کی کلاسز کو بھی اجازت دےدی گئی ہے۔
شفقت محمود نے تصدیق کی کہ 23ستمبر کو چھٹی،ساتویں اور آٹھویں جماعت کےطلبا بھی اسکول جاسکیں گے جب کہ 30ستمبر سے پری پرائمری اور پرائمری کلاسز بھی شروع کی جاسکیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی صحت کو مانیٹر کرنا بہت ضروری ہے، تمام تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز نافذ ہوں گی،مختلف تعلیمی اداروں میں ہر دو ہفتے بعد ٹیسٹنگ اور اسکریننگ ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دعاکرتے ہیں کہ اللہ تعالٰی ہمیں اس فیصلے میں سرخروکرے، اگلے مرحلے میں امتحانات سےمتعلق فیصلے کیے جائیں گے۔