9 مئی مقدمات: رہنما پی ٹی آئی عالیہ حمزہ، صنم جاویدکی ضمانت منظور

9 مئی مقدمات: رہنما پی ٹی آئی عالیہ حمزہ، صنم جاویدکی ضمانت منظور


صوبہ پنجاب کے ضلع سرگودھا کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کے تین مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ اور صنم جاویدکی ضمانت منظور کر لی۔

دونوں رہنماؤں کے خلاف 9 مئی کے حوالے سے میانوالی میں تین مقدمات درج تھے۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے تینوں مقدمات میں ضمانت منظور کرلی، جس کے بعد دونوں خواتین رہنماوں کے مچلکے جمع کرانے کے لیے کارروائی شروع کردی گئی۔

اسی طرح تھانہ موسی خیل میانوالی میں ایک مزید مقدمہ درج ہوا تھا، جس میں عبوری ضمانت منظور کرلی گئی۔

وکلا نے بتایا کہ مچلکے جمع کرائے جانے کے بعد جیل سے دونوں رہنماوں کی رہائی ممکن ہوگی۔

پسِ منظر

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔


اپنا تبصرہ لکھیں