8 فروری کا سورج بلاول بھٹو کی فتح کا پیغام لے کر طلوع ہوگا، آصف زرداری

8 فروری کا سورج بلاول بھٹو کی فتح کا پیغام لے کر طلوع ہوگا، آصف زرداری


سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 8 فروری کا سورج بلاول بھٹو زرداری کی فتح کا پیغام لے کر طلوع ہوگا۔

پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ عوام کے مشکلات کے تھوڑے دن رہ گئے ہیں، پیپلزپارٹی عوام کی مشکلات ختم کرے گی۔

خیال رہے کہ 2 نومبر کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی تھی جہاں 8 فروری کو ملک میں عام انتخابات پر اتفاق کیا گیا تھا۔

ایوان صدر اسلام آباد میں میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے وفد کے ہمراہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی، اس سے قبل اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے بھی صدر سے ملاقات کی تھی۔

آصف علی زرداری نے سندھ میں بلدیات کے ضمنی انتخابات میں جیت پر عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے دل کراچی نے بھی جیئے بھٹو کا نعرہ لگا دیا۔

انہوں نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب اور سلمان عبداللہ مراد کی کامیابی اہل کراچی کا مخالفین کے لیے خاص پیغام ہے۔

آصف علی زرداری نے ضمنی انتخابات میں فتح پر پارٹی کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کا ہر کارکن محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا سفیر بن کر انتخابی مہم شروع کردے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے 9 بلدیاتی حلقوں میں یونین کمیٹی (یو سی) چیئرمین، وائس چیئرمین اور وارڈ کونسلرز کی نشستوں کے لیے ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے اکثریت حاصل کر لی۔

کامیاب ہونے والے امیدواروں میں کراچی کے میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد بھی شامل ہیں، جنہوں نے غیر سرکاری نتائج کے مطابق ضلع جنوبی میں صدر ٹاؤن اور ضلع ملیر کے گڈاپ ٹاؤن میں ایک، ایک یونین کمیٹی (یو سی) جیت کر اپنے متعلقہ عہدوں پر فائز رہنے کے قانونی تقاضے پورے کرلیے ہیں۔

5 اضلاع میں ضمنی انتخابات پُرامن طریقے سے ہوئے، صدر ٹاؤن، ماڑی پور ٹاؤن، گڈاپ ٹاؤن، ملیر ٹاؤن، جمشید ٹاؤن اور ناظم آباد ٹاؤن میں ووٹرز نے 3 یوسی چیئرمین، 3 وائس چیئرمین اور 3 وارڈ کونسلرز کے انتخاب کا حق استعمال کیا۔

غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے مجموعی طور پر 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جس کے بعد جماعت اسلامی نے ناظم آباد اور جمشید ٹاؤنز میں جنرل کونسلرز کی 2 نشستیں حاصل کیں جبکہ یوسی صدر ٹاؤن میں وائس چیئرمین کی نشست پر ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کامیابی حاصل کی، ملیر ٹاؤن میں جنرل کونسلر کی نشست آزاد امیدوار نے جیت لی۔

عام انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی، شیری رحمٰن

رہنما پیپلزپارٹی شیری رحمٰن نے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اکثریت کے ساتھ کامیابی سے ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ پیپلز پارٹی کراچی سمیت ملک کی سب سے مقبول جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کلین سوئپ کر کے سب جماعتوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، اس شاندار کامیابی کا سہرا آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور اور تمام امیدواروں کو جاتا ہے۔

شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ ذاتی مفادات کی نہیں بلکہ عوامی مسائل اور حقوق کی سیاست کی ہے، پیپلز پارٹی عوام کی نمائدہ جماعت ہے اور ہمیشہ رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج عوام کی جانب سے اعتماد کا ووٹ ہے، عام انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی اسی طرح ملک بھر میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی۔

آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کلین سوئپ کرے گی، شرجیل میمن

رہنما پیپلزپارٹی شرجیل میمن نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کلین سوئپ کرے گی، پیپلزپارٹی کے خلاف اتحاد صفر جمع صفر کے سوا کچھ نہیں ہے۔

بلاول ہاؤس میں پارٹی رہنما سعید غنی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ بلدیاتی ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی نے کلین سوئپ کیا، کامیابی پر جیالوں کو مبارکباد ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کلین سوئپ کرے گی، ہمارے خلاف بننے والے گٹھ جوڑ کو شکست ہوگی، ہم نفرت اور شرانگیزی کی بات نہیں کریں گے، ہم چاہتے ہیں سب الیکشن میں حصہ لیں، الیکشن میں کامیابی صرف پاکستان پیپلزپارٹی کی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو واحد لیڈر ہیں جو سب کو جوڑنے کی بات کرتے ہیں، ایک جماعت انتخابات لڑنے سے گھبرا رہی ہے، الیکشن میں مزید تاخیر چاہتی ہے، پیپلز پارٹی کہتی ہے آج کرائیں یا کل بس الیکشن کرائیں۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ایک صاحب روز پریس کانفرنس کرتے تھے، دھاندلی کا الزام لگاتے تھے، آج وہ صاحب دھاندلی کا الزام بھی نہیں لگا سکے، سندھ کے عوام پیپلزپارٹی کو ووٹ دیں گے، ہم نے خدمت کی ہے۔

دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر تبصرہ کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پسنی اور میانوالی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی کے واقعات پرکچھ ملک دشمن عناصر نے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کیا، دشمن چاہتے ہیں پاکستان کو کسی طرح نقصان پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں معصوم لوگوں پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں، عالمی قوتوں سے مطالبہ ہے کہ غزہ میں خونی جنگ بند کی جائے، حکومت پاکستان سے مطالبہ ہے کہ فلسطینیوں کے لیے بھرپور آواز اٹھائے۔

سابق صوبائی وزیر کے ہمراہ موجود رہنما پیپلزپارٹی سعید غنی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو ووٹ دینے پر مبارکباد دیتا ہوں، آئندہ انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی واضح اکثریت سے جیتے گی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے انتخابات جیتے تو الزامات لگے کہ ہماری صوبائی حکومت تھی، ہم پر دھاندلی کے الزامات لگائے گئے، عوام نے پیپلزپارٹی کو پہلے سے زیادہ ووٹ دیے، شہر بھر میں ہمارے شروع کیے ہوئے ترقیاتی کام جاری ہیں، مسقبل میں بھی کراچی کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں