ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی مہم کے دوران کچرے کے ٹرک میں کیوں بیٹھے؟


امریکی صدارتی انتخاب کے لیے ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حامیوں کو امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے کچرا قرار دینے پر دلچسپ ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

جو بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کو کچرا قرار دیا تو وہ خود کچرا اٹھانے والے ٹرک میں جا کر بیٹھ گئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کچرا اٹھانے والے ٹرک کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے ہیں اور اُنہوں نے پیلی اور نارنجی رنگ کی جیکٹ بھی پہنی ہوئی ہے جو کچرا اُٹھانے والے افراد پہنتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ آج اپنی انتخابی مہم کے لیے امریکی ریاست وسکونسن پہنچے اور بوئنگ طیارے سے اترنے کے بعد سیدھا کچرا اٹھانے والے ٹرک میں جا کر بیٹھ گئے، انہوں نے کچرا اٹھانے والے ٹرک میں بیٹھ کر صحافیوں سے گفتگو بھی کی۔

اُنہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ میں یہ سب جو بائیڈن اور کملا ہیرس کے اعزاز میں کر رہا ہوں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے ٹرمپ کو ناکام ترین شخص اور ان کی حمایت کرنے والوں کو کچرا قرار دیا تھا لیکن کملا ہیرس نے جو بائیڈن کے بیان کی مخالفت کی تھی، کملا ہیرس کا کہنا تھا کہ میں کامیابی حاصل کر کے تمام امریکی شہریوں کی نمائندگی کروں گی۔

کملا ہیرس نے یہ بھی کہا تھا کہ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کس نے مجھے ووٹ دیا اور کس نے نہیں دیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں