امریکی گلوکارہ و اداکارہ 39 سالہ جیسیکا سمپسن نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بچپن میں جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد انہوں نے منشیات اور شراب نوشی کا سہارا لیا جو بعدازاں ان کی زندگی تباہ کرنے کی وجہ بن گیا۔
39 سالہ گلوکارہ اپنے کیریئر میں کئی کامیاب گانے ریلیز کرچکی ہیں اور جلد ہی ان کی سوانح حیات پر مبنی کتاب بھی سامنے آجائے گی۔
اس حوالے سے ایک میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں گلوکارہ نے اعتراف کیا کہ وہ اس صدمے کو بھولنے کی کوشش کررہی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کئی سالوں سے وہ علاج بھی کروا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: جیسیکا سمپسن کے فوٹو شوٹ پر نازیبا تبصرہ
جیسیکا سمپسن کا کہنا تھا کہ میں شراب نوشی کے باعث اور ادویات لے کر خود کو ختم کررہی تھی۔
گلوکارہ نے 2017 میں شراب نوشی اس وقت چھوڑنے کا فیصلہ کیا جب انہیں اندازہ ہوا کے ان کی اس عادت سے سب کچھ تباہ ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘شراب نوشی چھوڑنا مشکل نہیں تھا، مجھے شراب کی اس بوتل پر غصہ آتا تھا جسے پی کر میں بےحس ہوجاتی تھی’۔
اپنے ساتھ ہوئے جنسی ہراسانی کے واقعے پر بات کرتے ہوئے گلوکارہ کا کہنا تھا کہ اس کا آغاز اس وقت ہوا جب وہ 6 برس کی تھیں، اس دوران وہ اپنے والدین کے دوست کی بیٹی کے ساتھ ایک ہی بستر پر سویا کرتیں، جنہوں نے مجھے ہراساں کیا۔
جیسیکا سمپسن کے مطابق ‘رات کو جب میں سوجاتی تو مجھے احساس ہوتا کے کوئی میری کمر کو ہاتھ لگا رہا ہے، جس کے بعد مجھے احساس ہوتا کے میرے ساتھ کچھ عجیب ہورہا ہے’۔
گلوکارہ کے مطابق میں اپنے والدین کو یہ سب بتانا چاہتی تھی لیکن ناجانے کیوں مجھے ایسا لگنے لگا جیسے میں ہی قصوروار ہوں۔
6 سال بعد جیسیکا سمپسن نے ایک سفر کے دوران ہمت کرکے سب کچھ اپنے والدین کو بتایا، اس موقع پر گاڑی میں آگے بیٹھی والدہ نے ان کے والد کے کندھے پر زور سے ہاتھ مارا اور کہا کہ ‘دیکھا میں نے کہا تھا کہ کچھ عجیب ہورہا ہے’۔
یہ بھی پڑھیں: تیسری مرتبہ ماں بننے کے بعد امریکی گلوکارہ نے 100 پاؤنڈ وزن کیسے کم کیا؟
البتہ والد نے کچھ بھی نہیں کہا اور خاموشی سے گاڑی چلاتے رہے۔
جیسیکا سمپسن کے مطابق اس دن کے بعد ہم کبھی والدین کے ان دوستوں کے گھر نہیں رہے لیکن کسی نے بھی اس واقعے کے بارے میں دوبارہ بات بھی نہیں کی۔
خیال رہے کہ 1990 کے دوران جیسیکا سمپسن کو ایم ٹی وی چینل کی ریائلٹی سیریز ‘نیولی ویڈز: نک اینڈ جیسیکا’ سے شہرت ملی، جس میں وہ اپنے سابق شوہر نک لیشی کے ساتھ ہی کام کررہی تھی۔
نک لیشی کے بعد جیسیکا سمپسن نے سابق امریکی فٹ بالر ایرک جونسن سے 2014 میں شادی کی۔