5 پاکستانی کرکٹرز اور بھارتی ٹیکسی ڈرائیور کے جذبہ خیرسگالی کی داستاں


پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات چاہے کتنے ہی کشیدہ کیوں نہ ہوں لیکن ہمیں اکثر دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان محبت اور جذبہ خیرسگالی کی دلچسپ مثالیں سننے کو ملتی ہیں اور اس طرح کا ایک واقعہ برسبین میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ پیش آیا۔

پاکستان کی ٹیم گزشتہ دنوں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے لیے برسبین میں موجود تھی جہاں سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کو اننگز اور 5 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

میچ کے چوتھے دن کا کھیل شروع ہونے سے اے بی سی ریڈیو کی مبصر ایلیسن مچل نے پاکستانی کرکٹرز اور بھارتی ٹیکسی ڈرائیور کے درمیان ہونے والی دلچسپ گفتگو کا احوال سنایا جسے دونوں ملکوں کے عوام نے خوب سراہا ہے۔

ہوا کچھ یوں کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین میں جاری میچ کے دوران ایک دن شام میں 5 پاکستانی کھلاڑیوں نے ایک باہر کھانا کھانے کا پروگرام بنایا۔

ان پانچوں کھلاڑیوں نے باہر جانے کے لیے ایک ٹیکسی ہائر کی جس کا ڈرائیور بھارتی شہری تھا اور اس نے فوری طور پر ان پاکستانی اسٹارز کو پہچان لیا۔

ان پانچ پاکستانی کرکٹرز میں نسیم شاہ، یاسر شاہ، محمد موسیٰ، عمران خان سینئر اور شاہین شاہ آفریدی شامل تھے۔

جب یہ کرکٹرز کھانے کے لیے ایک بھارتی ریسٹورنٹ پر پہنچے تو ٹیکسی ڈرائیور نے ان سے کرایہ لینے سے انکار کردیا اور کافی اصرار کے باوجود بھی وہ رقم لینے پر رضامند نہ ہوا۔

بھارتی ٹیکسی ڈرائیور کا یہ جذبہ خیرسگالی پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی پسند آیا اور انہوں نے اس ڈرائیور کو اپنے ساتھ کھانے پر مدعو کر لیا اور بھارتی ڈرائیور نے اس دعوت کو قبول کر لیا۔

یہ کہانی ایلیسن مچل کو اسی ٹیکسی ڈرائیور نے اس وقت سنائی جب ٹی وی مبصر نے گراؤنڈ میں آنے کے لیے ان کی خدمات حاصل کی تھیں۔

سوشل میڈیا پر اس کہانی کو بہت سراہا جا رہا ہے اور صارفین نے پاکستانی کرکٹرز کے جذبہ خیرسگالی پر ان کو خوب سراہا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں