قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو کورونا وائرس سے تحفظ کی ویکسین لگانے کی مہم 19 ستمبر (پیر) سے 24 ستمبر کے درمیان جاری رہے گی۔
وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل نے جون میں اعلان کیا تھا کہ حکومت 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو ‘ایک سے 2 مہینے میں’ کورونا وائرس کے خلاف ویکسین لگانا شروع کرے گی، انہوں نے کووڈ-19 سے بچنے کےلیے احتیاطی تدابیر پر دوبارہ عمل کرنے کا کہا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں پچھلے چند دنوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے، صورتحال پریشان کن نہیں ہے تاہم عوام کو احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔
دریں اثنا حکومت سندھ نے گزشتہ مہینے فیصلہ کیا تھا کہ 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے ٹیکے 19 سے 24 ستمبر کے درمیان لگائے جائیں گے، پہلی 10 لاکھ خوراکیں کراچی میں دی جائیں گی۔
بچوں کو کورونا وائرس کے حفاظتی ٹیکے لگانے کا فیصلہ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی سربراہی میں کووڈ-19 ویکسین سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ 5 سے 11 سال کی عمر والے بچوں میں کووڈ کی بیماری اور اموات کی نشاندہی آٹھ زیادہ پھیلنے والے اضلاع میں کی گئی تھی, جن کی مارچ 2020 سے اگست 2022 تک نگرانی کی گئی تھی۔
محکمہ صحت نے کہا تھا کہ یہ اضلاع کراچی سینٹرل، ایسٹ، کورنگی، ملیر، کراچی ساؤتھ، ویسٹ، کیماڑی اور حیدر آباد ہیں۔
بیان میں نشاندہی کی گئی تھی کہ ان زیادہ پھیلاؤ والے اضلاع میں 70 فیصد بچوں کو کور کرنے کے لیے، 34 لاکھ مرحلہ وار کووِڈ ویکسین لگائی جائیں گی جبکہ پہلی 10 لاکھ خوراکیں کراچی میں دی جائیں گی۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ ویکسین انتظامیہ کی سائٹس پر تکنیکی معاون ٹیکہ لگائے گئے بچے کا نام، عمر، جنس کے ساتھ ساتھ بچے کے ساتھ آنے والے والدین یا سرپرست کا قومی شناختی کارڈ اور رابطہ نمبر ریکارڈ میں رکھy گا۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا تھا کہ اسکولوں کے علاوہ بازاروں اور پارکوں میں بھی بچوں کو شاٹس لگائے جائیں گے۔