پاکستان کرکٹ بورڈ نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لیے محمد رضوان کو ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا ہے۔
اتوار کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے یہ بھی بتایا کہ سلمان علی آغا ٹیم کے نائب کپتان ہوں گے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ’بابر پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اثاثہ ہیں۔ انھوں نے مُجھ سے فون پر بات کر کے اس بات کا اظہار کیا کہ وہ کپتانی نہیں کرنا چاہتے۔ وہ اپنی کارکردگی پر توجہ دینا چاہتے ہیں، ہم اُن کے اس فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔‘
محسن نقوی کو امید ہے کہ رضوان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم ’ایک بار پھر عالمی سطح پر مضبوط ہو گی۔‘
کپتان بننے پر رضوان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ سلیکٹرز، کوچز اور کھلاڑیوں کے ساتھ تعاون کریں گے اور شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔
دریں اثنا پی سی بی نے دورۂ آسٹریلیا اور زمبابوے کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد آرام پر بھیجے گئے بابر اعظم، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کی آسٹریلیا کے خلاف سکواڈ میں واپسی ہوگی۔ تاہم انھیں دورۂ زمبابوے میں دوبارہ آرام دیا جائے گا۔
اسی طرح محمد رضوان آسٹریلیا کے میچز اور زمبابوے کے ون ڈے میچز کے لیے دستیاب ہوں گے تاہم انھیں زمبابوے میں ٹی ٹوئنٹی میچوں میں آرام دیا جائے گا۔
بورڈ کے مطابق یہ روٹیشن پالیسی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور اس کے بعد کے میچز کے لیے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کی کوشش ہے۔