3Sixty کی جانب سے ڈیلس میں انڈین لیجنڈ آیوشمان کھرانہ کا ڈیلس میں شاندار کنسرٹ، شائقین کے دل جیت لیے
رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ
ڈیلس، ٹیکساس: بالی ووڈ کے معروف اداکار اور گلوکار آیوشمان کھرانہ نے ڈیلس کی میوزکفیکٹری، ارونگ میں منعقدہ ایک شاندار لائیو کنسرٹ میں حاضرین کو اپنے جادوئی پرفارمنس سے مسحور کر دیا۔ اس کنسرٹ کا انعقاد 3Sixty انٹرٹینمنٹ اور نازلین مکھانی کے اشتراک سے کیا گیا، جس میں ہر عمر کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ خاص طور پر نوجوانوں نے آیوشمان کی پرفارمنس سے خوب لطف اٹھایا اور انکی پرفارمینس کے دوران وہ ڈانس فلور پر جھومتے رہے۔
یہ شام موسیقی، توانائی اور جذبے سے بھرپور تھی، جہاں آیوشمان نے اپنے مشہور بھنگڑا طرز کے گانوں سے پورے ہال کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔ ان کی آواز اور گانوں کی دھنوں نے سامعین کو رقص کرنے اور خوشی سے جھومنے پر مجبور کیا۔
آیوشمان نے اپنے مشہور گانے پیش کیے، جن میں نظم نظم، مٹی دی خوشبو، پانی دا رنگ، نینادا کیا قصور، دل کا ٹیلیفون، اک ملاقات، چن کتھن، اور ساڈی گلی آجا شامل تھے۔ ان گانوں کے ان پلگڈ ورژنز نے بھی حاضرین کو بے حد متاثر کیا اور کنسرٹ کو مزید خوبصورت اور جاندار بنا دیا۔
آیوشمان کھرانہ، جو اداکاری اور گلوکاری دونوں میں مہارت رکھتے ہیں، اپنی منفرد اداکاری اور دلکش آواز کے ذریعے لاکھوں مداحوں کے دل جیت چکے ہیں۔
شاندار کنسرٹ کے اختتام پر، ایونٹ کے منتظم امیر مکھانی اور نیشنل پرموٹرز کال کالرا نے شو کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “آیوشمان کی پرفارمنس ہماری توقعات سے کہیں بڑھ کر تھی۔ ان کی توانائی، دلکشی، اور حاضرین کے ساتھ بے مثال تعلق نے اس شام کو یادگار بنا دیا امیر مکھانی نے مزید کہا کہ، ہم ڈیلس کی کمیونٹی کے لیے مزید ایسے شاندار شوز لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ یہ ایونٹ ڈیلس کے مقامی تفریحی منظرنامے میں ایک سنگ میل ثابت ہوا، اور شائقین آیندہ ایسے مزید دلچسپ اور یادگار پروگراموں کے لیئے شدت سے منتظر ہیں۔