عبداللّٰہ شفیق بُخار میں مبتلا، تیسرے روز پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا


پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر عبداللّٰہ شفیق معمولی بُخار میں مبتلا ہوگئے ہیں، اُنہوں نے تیسرے روز پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا۔ دوسری جانب آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے کی پلیئنگ الیون کیلئے مشاورت جاری ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے آسٹریلیا کے خلا ف پہلے ون ڈے کی تیاریوں کیلئے تیسرے روز بھی پریکٹس کی۔

ذرائع کے مطابق عبداللّٰہ شفیق معمولی بخار میں مبتلا ہونے کے سبب ٹریننگ سیشن میں شریک نہیں ہوئے، اوپنر نے احتیاطی تدابیر کے طور پر پریکٹس میں حصہ نہیں لیا، وہ پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں، تشویش کی کوئی بات نہیں۔

دوسری جانب پہلے ون ڈے کیلئے پلیئنگ الیون پر مشاورت جاری ہے، کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا کے علاوہ صائم ایوب، عرفان خان، بابر اعظم اور کامران غلام کے ناموں پر غور ہو رہا ہے۔

اس کے علاوہ جن دیگر ناموں پر غور کیا جارہا ہے اُن میں عامر جمال، شاہین آفریدی، حارث رؤف، محمد حسنین اور فیصل اکرم شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے 4 نومبر کو کھیلا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں