امریکی صدارتی انتخابات: ٹیکساس کی ریاستی اسمبلی کے رکن سلمان بھوجانی کی مسلم ووٹرز سے اپیل


ٹیکساس کی ریاستی اسمبلی کے رکن سلمان بھوجانی نے حالیہ امریکی صدارتی انتخابات میں مسلم امریکیوں کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں کی اقتدار کے ایوانوں میں آواز اِس وقت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

ویڈیو پیغام میں سلمان بھوجانی نے کہا کہ مجھے ٹیکساس اسٹیٹ کا پہلا مسلمان نمائندہ ہونے پر فخر ہے۔ اس وقت مسلم امریکی کمیونٹی ایک اہم موڑ پر ہے جہاں انتخابی نتائج کے مقامی اور عالمی سطح پر دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ کی جانب سے اسرائیل کی غیر مشروط حمایت کے سبب کمیونٹی میں مایوسی بڑھی ہے، جس کی وجہ سے کچھ ووٹرز متبادل راستوں پر غور کر رہے ہیں۔ جس میں تھرڈ پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ، ووٹنگ سے گریز اور حتیٰ کہ ٹرمپ کی حمایت تک کی اطلاعات آرہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مسلم کمیونٹی کو ’ہیرس۔والز‘ کے ٹکٹ کو ایک عملی اور مفید انتخاب کے طور پر دیکھنا چائیے۔ یہ ایک ایسا انتخاب ہے جو ہمیں مؤثر نمائندگی فراہم کرنے اور اسلام مخالف ٹرمپ انتظامیہ سے بچنے کا موقع دیتا ہے۔

بھوجانی نے مزید کہا کہ بائیڈن۔ہیرس انتظامیہ نے فیصلہ سازی میں مسلم آوازوں کو جگہ دی ہے اور یہ ہماری نمائندگی کی کامیابی کے لیے انتہائی اہم ہے کہ ہم اس میں شمولیت اختیار کریں اور ملکی اور عالمی سطح پر اپنے مفادات کا تحفظ یقینی بنانے کےلیے ہیرس کو ووٹ دینے کا درست فیصلہ کریں۔


اپنا تبصرہ لکھیں