کراچی:
پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی ایک اور شرط پوری کرتے ہوئے 25 ہزار روپے کے نئے پرائز بانڈز کی فروخت پر فوری طورپر پابندی عائد کردی۔25 ہزار روپے کے غیر رجسٹرڈ انعامی بونڈز ختم کرکے ان کی جگہ 25 ہزار روپے مالیت کے پریمیم رجسٹرڈ انعامی بونڈز متعارف کروادیے گئے۔
فنانس ڈویژن نے پچیس ہزار پرائز بانڈز کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ 31 مئی 2021 سے 25 ہزار کے پرائز بانڈ ناقابل استعمال ہونگے۔ اسٹیٹ بینک، نیشنل بینک سمیت 5 بینکوں کی 16 برانچوں سے تبدیل کروائے جاسکتے ہیں، انعامی رقم کے حصول کیلئے پرائز بانڈ شناختی کارڈ کی کاپی کے ہمراہ اسٹیٹ بینک میں جمع کرانا ہوگا۔
فنانس ڈویژن کے مطابق بانڈ کیش کروانے والا شخص ذاتی حیثیت میں اپنے اکاؤنٹ میں رقم منتقل کرواسکے گا، بانڈز کو قومی بچت سے اسپیشل سیونگز یا ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس میں تبدیل کروایا جاسکتا ہے۔ وزارت خزانہ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے پاکستان کو فیٹف گرے لسٹ سے نکلنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 40 ہزار روپے مالیت کے غیر رجسٹرڈ انعامی بونڈز بھی ختم کیے جاچکے ہیں۔