غزہ میں 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں مزید 95 فلسطینی شہید اور 350 زخمی ہوگئے۔
ایک بیان میں غزہ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 36 ہزار 379 ہوگئی جبکہ 82 ہزار 407 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب امریکی ریاست اوکلاہوما میں غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے ’قبضہ جرم ہے‘، ’اسرائیل فلسطین سے نکلو‘ کے نعرے لگائے۔
لندن میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کےلیے خواتین، بچوں سمیت سیکڑوں افراد سڑکوں پر نکلے اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
فرانس میں ہزاروں افراد نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا، پیرس میں فلسطینی پرچم لہراتے لوگوں نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
بھارت میں بھی فلسطین کے حق میں مظاہرہ ہوا، فلسطین آزاد کرو کے نعرے لگاتے مظاہرین نے مودی حکومت سے اسرائیل سے تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔