2022 انسٹاگرام کے لیے ویڈیوز اور ریلز پر توجہ مرکوز کرنے کا سال ہوگا۔
یہ بات انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے ایک ٹوئٹر ویڈیو میں بتائی۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس پر نظرثانی کرنے جارہے ہیں کہ انسٹاگرام کیا ہے کیونکہ دنیا بہت تیزی سے بدل رہی ہے اور ہمیں بھی اس کے مطابق خود کو بدلنا ہوگا۔
انہوں نے 2022 کے لیے انسٹاگرام کی ترجیحات کے بارے میں بتاتے ہوئے زور دیا کہ ویڈیوز پر زیادہ زور دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ انسٹاگرام اپنی تمام ویڈیو پراڈکٹس کو ریلز کے ارگرد جمع کرے گی اور اس کو مزید توسیع دی جائے گی۔
خیال رہے کہ حالیہ مہینوں میں ویڈیوز کے حوالے سے انسٹاگرام میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
اکتوبر 2022 میں انسٹاگرام نے آئی جی ٹی وی برانڈ کو ختم کردیا تھا تاکہ زیادہ دورانیے کی ویڈیوز کو مین فیڈ پر لایا جاسکے، مگر صارفین کو ریلز پر کلک کرکے مکمل ویڈیو دیکھنا ہوتی ہے۔
ایڈم موسیری نے کہا کہ انسٹاگرام کی جانب سے زیادہ کمانے میں مددگار مزید ٹولز کو متعارف کرایا جائے گا۔
اسی طرح انسٹاگرام میں میسجنگ اور شفافیت پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔
انہوں نے 2021 میں انسٹاگرام میں ہونے والی کچھ اپ ڈیٹس پر بھی بات کی جن کا مقصد صارفین کو اس سوشل میڈیا ایپ میں زیادہ کنٹرول فراہم کرنا ہے۔
مختلف فیچرز جیسے سنسٹیو کونٹینٹ کنٹرولز، لائیک کاؤنٹ کو چھپانے اور ڈائریکٹ میسجز میں الفاظ چھپانے اس حوالے سے اہم ہیں۔