2020 میں پاکستانی سینما میں کونسی فلموں کا میلہ سجے گا؟

2020 میں پاکستانی سینما میں کونسی فلموں کا میلہ سجے گا؟


کراچی: 

گزشتہ برس پاکستانی سینما کے لیے بہت اچھا سال نہیں رہا تو بہت برا بھی نہیں رہا۔ 2019 میں پاکستان میں ایک درجن سے زائد فلمیں ریلیزہوئیں جن میں ماہرہ خان، مایا علی، مہوش حیات اورمیرا جیسے بڑے فنکار نظرآئے۔ تاہم جس فلم نے گزشتہ برس سب سے زیادہ توجہ حاصل کی وہ اداکارہ منشا پاشا اوراحمد علی اکبرکی فلم ’’لال کبوتر‘‘ تھی۔

رواں برس بھی پاکستانی سینما میں ایک درجن سے زائد فلموں کی ریلیز کا اعلان کیا گیا ہے جس میں ماہرہ خان، فہد مصطفیٰ، فواد خان، ہمایوں سعید اور مہوش حیات جیسے بڑے اداکار اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

فیٹ مین

ہدایت کار نبیل قریشی کی فلم ’’فیٹ مین‘‘ 2020 میں ریلیزہوگی جس میں اداکار احمد علی بٹ مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔ یہ ہلکی پھلکی مزاحیہ فلم ہے جس میں موٹاپے سے پریشان لوگوں کے مسائل کو پیش کیا جائے گا۔

لندن نہیں جاؤں گا

’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ کی مشہورجوڑی ہمایوں سعید اور مہوش حیات رواں برس ایک بار پھر بڑے پردے پر نظر آئے گی۔  فلم ’’لندن نہیں جاؤں گا‘‘ میں اداکارہ کبریٰ خان بھی اداکاری کرتی نظر آئیں گی جب کہ فلم کی ہدایت ندیم بیگ دیں گے۔

پردے میں رہنے دو

اداکار احسن خان کی فلم ’’پردے میں رہنے دو‘‘ کو بھی رواں برس ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ مزاحیہ کامیڈی فلم ہے جسے محسن علی نے تحریر کیا ہے۔

دم مستم

ڈراما سیریل ’’رانجھا رانجھا کردی‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار عمران اشرف رواں برس فلم ’’دم مستم‘‘ کے ذریعے فلموں میں قدم رکھنے جارہے ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری احتشام الدین دیں گے جب کہ عمران اشرف کے ساتھ اداکارہ امر خان مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔

منی بیک گارنٹی

فواد خان کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ ان کے پرستار رواں برس انہیں فلم’’منی بیک گارنٹی‘‘میں  دیکھ سکیں گے۔ فواد خان کے علاوہ فلم میں وسیم اکرم اپنی اہلیہ شنیرا اکرم کے ساتھ مختصر کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم کی ہدایات فیصل قریشی دیں گے۔

پٹخ دے

میوزیک کمپوزر اذان سمیع خان فلم ’’پٹخ دے’‘ کے ذریعے رواں برس فلم ڈیبیو کرنے جارہے ہیں۔ فلم میں ان کے ساتھ اداکارہ ہانیہ عامر مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔

قائد اعظم زندہ باد

گزشتہ برس فلم ’’قائد اعظم زندہ باد‘‘ کا اعلان ہوتے ہی لوگ اس فلم کا بے چینی سے انتظار کرنے لگے تھے۔ فلم میں اداکارہ ماہرہ خان اورفہد مصطفیٰ کی جوڑی پہلی بار اسکرین پر اپنے جلوے بکھیرے گی۔ فلم کو نبیل قریشی ڈائریکٹ کریں گے۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ

گزشتہ دو برسوں سے تنازع کا شکار فلم’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ رواں برس ریلیز کیے جانے کی توقع کی جارہی ہے۔ فلم میں فواد خان، ماہرہ خان اور حمزہ علی عباسی جیسی بڑی کاسٹ شامل ہے۔

ٹچ بٹن

اداکارہ عروہ حسین رواں برس فلم ’’ٹچ بٹن‘‘ کے ذریعے پروڈکشن کے شعبے میں قدم رکھنے جارہی ہیں۔ وہ نہ صرف اس فلم کو پروڈیوس کریں گی بلکہ اس میں اداکاری بھی کرتی نظرآئیں گی۔ عروہ حسین کے علاوہ اداکار فیروز خان، سونیا حسین، فرحان سعید اور ایمان علی بھی فلم میں نظر آئیں گے ۔ فلم کی ہدایات قاسم علی مرید نے دی ہے۔

زندگی تماشہ

اداکار وہدایت کار سرمد کھوسٹ کی فلم ’’زندگی تماشہ‘‘ بھی رواں برس ریلیز کی جائے گی۔ اس فلم کو ریلیز سے قبل ہی بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں کافی پزیرائی حاصل ہوچکی ہے۔ فلم کی کاسٹ میں ماڈل ایمان سلیمان، علی قریشی، سامعہ ممتاز اورعمران کھوسٹ شامل ہیں۔

کملی

رواں برس سرمد کھوسٹ ’’زندگی تماشہ‘‘ کے علاوہ فلم ’’کملی‘‘ کی بھی ہدایات دے رہے ہیں۔ فلم میں اداکارہ صبا قمر مرکزی کردار اداکررہی ہیں جب کہ اداکارہ ثانیہ سعید بھی فلم میں اہم کردار میں نظر آئیں گی۔

ابھی نندن

رپورٹس کے مطابق بھارتی پائلٹ ابھی نندن پر مبنی فلم ’’ابھی نندن‘‘ بھی رواں برس نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ اس فلم کی کہانی خلیل الرحمان قمر نے تحریر کی ہے جب کہ فلم کی ہدایات بھی وہ ہی دیں گے۔

عشرت؛ میڈ ان چائنا

فلم’’عشرت؛ میڈ ان چائنا‘‘ کے ذریعے اداکارمحب مرزا رواں برس ہدایت کاری کے میدان میں قدم رکھ رہے ہیں۔ ہدایت کاری کے علاوہ محب مرزا فلم میں اداکاری بھی کرتے نظر آئیں گے۔ ان کے علاوہ اداکارہ صنم سعید، سارہ لورین، شمعون عباسی اور علی کاظمی بھی فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں۔ فلم ’’عشرت؛میڈ ان چائنا‘‘ میں ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائے) منفی کردار میں نظر آئیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں