‘2020 میں ٹک ٹاک استعمال کرکے فہد مصطفیٰ کو مایوس کروں گی’


پاکستان کے نامور اداکار فہد مصطفیٰ نے چند روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر والدین کو پیغام دیتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ اپنے بچوں کو ٹک ٹاک ایپ سے دور رکھیں کیوں کہ یہ ان کا وقت ضائع کررہی ہے جس کے بعد اداکار کو مداحوں کی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

بعدازاں فہد مصطفیٰ نے نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یہی لکھا تھا کہ ‘بھولنا نہیں سب کو ٹک ٹاک سے دور رہنا ہے’۔

تاہم اب مداحوں کے ساتھ ساتھ ساتھی اداکارہ ہانیہ عامر نے بھی فہد مصطفیٰ کا مذاق اڑادیا۔

مزید پڑھیں: ٹک ٹاک کو ‘وقت کا ضیاع’ کہنا فہد مصطفیٰ کو مہنگا پڑ گیا

فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوریز کے ذریعے ہانیہ عامر نے چند ویڈیوز شیئر کیں جن میں انہوں نے مداحوں کو نئے سال کے منصوبے کا بتایا۔

اداکارہ کا اپنی ویڈیو میں کہنا تھا کہ ‘میرے نئے سال کا منصوبہ ہے کہ میں ٹک ٹاک استعمال کرکے فہد مصطفیٰ کو مایوس کروں گی’۔

ہانیہ عامر کے مطابق ‘جتنا ہوسکتا انتا زیادہ ٹک ٹاک استعمال کروں گی اور کوشش کروں گی کہ اس سے کچھ تخلیق کرسکوں’۔

انہوں نے ٹک ٹاک پر اپنا یوزرنیم بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کیا اور یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اب تک صرف ایک ویڈیو اپ لوڈ کی ہے جس میں وہ پیانو بجاتی نظر آئیں۔

البتہ یہ بھی وعدہ کیا کہ وہ جلد اور بھی ویڈیوز بناکر شیئر کریں گی جو مزاحیہ ہونے کے ساتھ ساتھ بے معنی بھی ہوں گی کیوں کہ آج کل ان کا صرف یہی کرنے کا مقصد ہے۔

دوسری جانب فہد مصطفیٰ نے اب تک اس حوالے سے ہانیہ کو کوئی جواب نہیں دیا۔

خیال رہے کہ ہانیہ عامر اور فہد مصطفیٰ ایک ساتھ ‘نامعلوم افراد 2’ میں کام کرچکے ہیں۔

اس فلم میں فہد کی ہیروئن کا کردار عروہ حسین نے نبھایا تھا جبکہ ہانیہ عامر محسن عباس حیدر کی ہیروئن بنی تھیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں