اسلام کہتا ہے جس کا آج گزرے ہوئے کل سے اچھا ہوگا وہی کامیاب ٹھہرے گا، اسلام غور و فکر، علم و دانائی، مضبوط حوصلہ و مصمم ارادہ، فہم و شعور کا سر چشمہ اور خزانہ و منبع ہے، لہٰذا اپنے اندر احساسِ زیاں پیدا کریں۔
آئیں! 2020کا آغاز ازسرِ نو حکمتِ عملی کے ساتھ کریں، کیلنڈر و ڈائری لیں، اپنے معمولات کا شیڈول بنائیں، نئے منصوبے بنائیں، اِن منصوبوں کو ٹارگٹ کے طور حاصل کرنے کی کوشش کریں، چہرے پر روزانہ کی بنیاد پر مسلسل اور مستقل بنیادوں پر مسکراہٹ قائم رکھنے کی پریکٹس کریں، احباب کو اپنے پاس ملاقات کیلئے بلائیں یا کسی کے پاس ملاقات کیلئے جائیں تو مقررہ وقت پر پہنچیں اور وقت ختم ہونے کے ساتھ ہی خدا حافظ کہیں تاکہ نہ اُن کا وقت ضائع ہو اور نہ ہی آپ کا۔
وعدے کی خلاف ورزی ہرگز نہ کریں، دوسرا جب خلاف ورزی کرے تو اس کو ایسے انداز میں سمجھائیں کہ ،دوبارہ ایسی غلطی نہ دہرائے، اس سے ہمارا مثالی معاشرہ قائم ہو سکتا ہے۔
روزانہ 14سے 16گھنٹے کام کرنے کا معمول بنائیں، اپنے آپ کو بھی مناسب وقت دیں، روزانہ یوگا و واک کے لئے ایک گھنٹہ ضرور نکالیں، اس سے آپ کے اندر جہاں زیادہ کام کرنے کی اہلیت بڑھے گی، وہیں بیماریوں کے خلاف قوتِ مدافعت بھی پیدا ہوگی۔
روزانہ کی بنیاد پر دوستوں کا اضافہ کریں، 2019کے اپنے ایسے دوستوں کی فہرست بنائیں جنہوں نے وفاداری و خلوص میں آپ کے ساتھ تعاون کیا ہو، اُن سے مزید تعلقات مضبوط کریں، ایسے دوستوں کی الگ سے فہرست بنائیں، جنہوں نے آپ سے لالچ کی بنیاد پر دوستی کی، اُن سے چھٹکارا حاصل کریں، اُن سے تعلقات ختم نہیں، کم کردیں۔
ناراض دوستوں سے اللہ اور رسول اللہﷺ کی رضا کی خاطر پہلی فرصت میں صلح کو ذاتی حیثیت میں ترجیح دیں، اِس سے آپ جہاں بہت سارے نفسیاتی امراض سے بچ سکیں گے وہیں پر آپ کو سکونِ قلب بھی نصیب ہوگا اور اخلاقی برتری بھی حاصل ہوگی۔
دولت کا بڑا حصہ تعلیمی سرمایہ کاری یعنی اپنے بچوں کی تعلیم پر خرچ کریں، بچوں کی تربیت کے لئے وقت ضرور نکالیں، کم ازکم روزانہ اسکول میں پڑھایا جانے والا سبق بچوں سے پوچھیں، بیگم سے پوچھیں کہ کسی بچے نے بہن بھائی کو تنگ تو نہیں کیا، بچوں میں پائی جانے والی خامیوں کی غیر محسوس طریقے سے ختم کرنے کی کوشش کریں، اِس کے لئے بچوں کی گھر میں ڈائری بنائیں، بچوں کو نفسیاتی طور پر مضبوط کرنے کیلئے ان کے سامنے کم وسائل کا ذکر اور لڑائی جھگڑا نہ کریں۔
اساتذہ تعلیم کے ساتھ تربیت کو ترجیح دیں، آمدن کو مزید بڑھانے کے طریقے تلاش کریں، موجودہ آمدن کے مطابق اخراجات کی فہرست بنائیں۔ اپنی خواہشات، جو آپ لوگوں سے رکھتے ہیں،کو محدود کریں، اس سوچ وفکر کے مطابق دوسروں کو آپ عزت دیں تاکہ آپ کے ذہن میں موجود خواہشات کی تکمیل ہو سکے۔
رزقِ حلال کیلئے اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے باجود اگر آپ کو صفائی، فروٹ کی ریڑھی وغیرہ بھی لگانے کی ضرورت پیش آئے تو آپ یہ کام پوری ایمانداری سے کریں کیونکہ ایک دن بھی فارغ بیٹھ کر خرچہ کرنے سے بہتر ہے کہ ایک دن بھی ضائع کیے بغیر آمدن بڑھائی جائے، ہر ممکن حد تک ملازمت کی جگہ کاروبار کو ترجیح دیں، دفاتر، گھریلو، کاروبار میں روز کا کام روز کی بنیاد پر کریں، ٹیکس دینے میں کوئی گڑبڑ نہ کریں، ٹیکس نہ دینا گناہِ کبیرہ ہے۔
پیسہ ہی سب کچھ نہ سمجھ لیں، سکونِ قلب کو غنیمت سمجھیں اور دستیاب سہولتوں میں خوبیاں تلاش کریں، ہر ماہ ایک معیاری کتاب کا اپنے گھر میں اضافہ کریں، لکھاری حضرات سال میں ایک نئی کتاب شائع کریں۔ اداروں میں تھنک ٹینک تشکیل دیں۔
2020میں صحت مند پاکستان کے لئے اپنے سے نیچے موجود اور تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اپنے رہنمائوں اور کارکنوں کو میڈیکل چیک اَپ سال میں کم ازکم دوبار ضرور کروائیں یعنی سربراہ اپنی شوریٰ، شوریٰ اپنے سربراہ، ضلعی اپنے صوبائی لیڈر، تحصیل کے ذمہ داران ضلعی قائد کو، یونین کونسل کے ذمہ داران ٹائون ناظم کو میڈیکل رپورٹ پیش کریں، ڈاکٹر روزانہ ایک مریض، علماء ہفتے ایک میں تقریر، وکیل مہینے میں ایک کیس مفت کریں، صحافی حضرات پیغمبری پیشہ سمجھ کر کام کریں، اگر آپ تاجر ہیں تو ہفتہ میں ایک بار بغیر منافع کے اشیا کی فروخت کریں۔
پانچ وقت نماز پڑھیں، اذکار کا معمول بنائیں، یہ آپ کو روحانی امراض سے بچائیں گے، موٹر سائیکل یا گاڑی کو بےدریغ، تیز اور غلط سائیڈ پر نہ چلائیں، اِس سے جہاں ٹریفک حادثات میں کمی اور ٹریفک روانی میں مدد ملے گی، وہیں پیڑول کی بچت بھی ہوگی، یوں آپ ان پیسوں کو مہینہ کے آخری دنوں استعمال میں لا سکتے ہیں، سیاحت کا فروغ مستحکم معیشت کی ضمانت ہوتا ہے۔
بیرونِ ممالک کا سفر کریں اور خود کو ملک کا سفیر تصور کریں، ایسے لوگ جو امیر ہونے کا خواب اپنے ذہن میں رکھتے ہوں وہ امیر لوگوں کی بائیو گرافی ضرور پڑھیں، ترقی کرنے والے حلقوں میں اٹھنے بیٹھنے کے مواقع تلاش کریں، ان بااثر لوگوں کے ساتھ ملنے سے آپ کی شخصیت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ سونے سے پہلے اپنے آپ کوکڑے اور بے رحم احتساب سے گزاریں۔