2020ء پاکستان اسٹاک مارکیٹ باؤنس بیک میں کامیاب


اسلام آباد: 

سیکیورٹیز  اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کا کہنا ہے کہ سال 2020ء دنیا بھر کے لئے ایک مشکل سال تھا جب کہ پوری دنیا بھر کی معیشتیں دباؤ کا شکار رہیں لیکن کورونا کے باوجود پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے باؤنس بیک کیا جس سے انڈیکس اور سرمایہ دونوں بڑھ گئے۔

ایس ای سی پی رپورٹ کے مطابق سال 2020 کے دوران  پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت، بنگلادیش کے علاوہ فلپائن میں بھی اسٹاک مارکیٹ ٹریڈنگ کو روکنا پڑا، چین میں نئے سال کی چھٹیوں میں اضافہ کر کے سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کو روکا گیا۔ اس سال مارکیٹ میں 6 نئے IPOs آئے جبکہ گزشتہ سال مارکیٹ میں صرف دو آئی پی اوزآئے تھے۔

ان دنوں پاکستان اسٹاک مارکیٹ پر بھی بہت دباؤ تھا اوردن میں کئی کئی بار مارکیٹ ٹریڈنگ میں سرکٹ بریکٹ کی وجہ سے ٹریڈنگ رک جاتی تھی، تاہم ان مشکل حا لات اور دباؤ کے باوجود سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے مارکیٹ کی ٹریڈنگ کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا جو کہ بالکل درست ثابت ہوا۔

یہاں تک کہ جب 29 جون کو اسٹاک مارکیٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تو بھی ایک لمحے کے لیے اسٹاک مارکیٹ میں لین دین معطل نہیں ہوا۔ سخت حالات کے باوجود سٹاک مارکیٹ مستحکم رہی۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج جو مارچ میں28,000 انڈیکس پر تھی، اب 46,000 انڈیکس تک پہنچ گئی ہے۔ ٹریڈنگ والیم بھی دوگنا ہوگئے ہیں۔ سال2020ء میں اوسط ٹریڈنگ والیم 432 ملین شئیرز رہا جبکہ 2019ء میں اوسط ٹریڈنگ والیم233 ملین شئیرز تھا۔

اسی طرح 2019ء میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ کمپنیوں نے 15.2ارب روپے کا سرمایہ اکٹھا کیا  جبکہ 2020ء میں 35.44 ارب روپے کا سرمایہ اکٹھا کیاگیا۔گزشتہ سال مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی تعداد2 لاکھ 26 ہزار9 تھی، جو کہ 2020ء میں بڑھ کر 2 لاکھ 40 ہزار173ہو گئی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں