اگر یہ کہا جائے کہ گزشتہ سال عائزہ خان پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں سب سے زیادہ مقبولیت حاصل کرنے والی اداکارہ رہیں تو غلط نہیں ہوگا۔
انہوں نے 2019 میں کئی بڑے پروجیکٹس میں کام کیا جبکہ ذاتی زندگی میں بھی وہ نہایت مطمئن اور خوش نظر آئیں۔
اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی 2019 کی کئی یادگار تصاویر شیئر کیں جبکہ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ سال ان کی زندگی کے لیے نہایت کامیاب ثابت ہوا۔
اپنی فوٹو سیریز کا آغاز اداکارہ نے 2019 میں اپنی 28ویں سالگرہ سے کیا جس کے ساتھ انہوں نے بتایا کہ وہ مداحوں کے ساتھ کچھ خاص یادیں شیئر کرنے جارہی ہیں۔
بعدازاں انہوں نے اپنے شوہر اداکار دانش تیمور کی 36ویں سالگرہ کی تصاویر شیئر کیں۔
اس کے بعد اداکارہ نے بتایا کہ وہ الکرم برینڈ اسٹوڈیو کی برینڈ ایمبیسیڈر بھی بنیں۔
اداکارہ نے 2019 کے اپنے پہلے ڈرامے ‘یاریاں’ کی جھلکیاں بھی شیئر کیں جس میں انہوں نے زوبی نامی لڑکی کا منفی کردار نبھایا تھا۔
عائزہ نے اپنی بیٹی حورعین اور بیٹے ریعان کی سالگرہ کی تصاویر بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔
جس کے بعد انہوں نے عید الفطر کی یادیں بھی تازہ کیں۔
اداکارہ 2019 میں ‘تھوڑا سا حق’ نامی ڈرامے میں بھی کام کرتی نظر آئیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے مداحوں کو یہ بھی بتایا کہ گزشتہ سال انہوں نے نیا گھر بھی لیا۔
انہوں نے اپنے سب سے زیادہ مقبول ہونے والے کردار ‘مہوش’ کی تصاویر اور ویڈیوز بھی لگائیں۔
اور آخر میں اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ اس سال ان کو حج کرنے کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔
عائزہ خان نے اپنے اس سفر کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘میں نے اس سال بہت کچھ کیا، بطور بیوی ، ایک ماں اور خاص طور پر ایک اداکارہ کی حیثیت سے بہت کچھ حاصل کیا، میں صرف اللہ کا شکر ادا کرنا چاہتی ہوں، اس سال غیر متوقع واقعات میرے حق میں بہتر ثابت ہوئے’۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ‘کسی وقت ایسا لگتا تھا کہ میں بےبس ہوں، لیکن ہر بار خدا نے میری مدد کی اور مجھے واپس کھڑا کیا، مجھے ہمیشہ بہترین صلہ ملتا ہے’۔
عائزہ کے مطابق ‘میں نہیں جانتی کہ نئے سال میں کیا کچھ ہوگا، لیکن حج کرنے کے بعد، خدا پر میرے ایمان نے مجھے یقین دلا دیا ہے کہ چاہے جو بھی ہو، اس کا انجام میرے حق میں بہتر ہی ثابت ہوگا’۔
اداکارہ نے لکھا کہ وہ نئے سال اور نئی دہائی کے لیے تیار ہیں۔