2018 میں 375 کشمیری شہید، بھارتی فوج مظالم میں اسرائیل سے بھی آگے نکل گئی


سری نگر: قابض بھارتی فوج نے سال 2018 میں بھی مقبوضہ وادی میں ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ جاری رکھا جس میں 375 نہتے کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔

بھارت نے ریاستی دہشت گردی میں اسرائیل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، سال 2018 میں اسرائیلی فوج نے 312 فلسطینیوں کی جان لی لیکن بھارت ظلم و بربریت میں اس سے بھی آگے جا نکلا۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق سال 2018 میں بھارتی فوج نے 3 ہزار آپریشن کیے جس میں 375 نہتے کشمیریوں کو شہید کیا گیا جن میں 10 خواتین اور 35 نوجوان بھی شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال شہید کیے جانے والوں میں پروفیسر، ڈاکٹرز، صحافی اور حریت رہنما بھی شامل ہیں۔

قابض فوج نے دورانِ حراست 21 افراد کی جان لی، احتجاجی مظاہروں کے دوران پیلٹ گن کے استعمال سے 1300 سے زائد کشمیری زخمی ہوئے۔

بھارتی فوج نے نام نہاد آپریشن کے دوران 600 سے گھروں کو بھی نقصان پہنچایا جب کہ اس دوران خواتین کی بے حرمتی میں بھی قابض فوج پیش پیش رہی۔


اپنا تبصرہ لکھیں