بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ نے گزشتہ برس کو اپنے لیے ‘انتہائی خوفناک’ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نیا سال ان کے لیے اچھا رہے گا۔
اداکارہ نے بھارتی نیوز ویب سائٹ ڈی این اے کو انٹرویو دیتے ہوئے گزشتہ برس کی تلخ یادیں شیئر کیں اور نئے عزم و حوصلے کے ساتھ نئے سال کے لیے اچھی امیدوں کا اظہار کیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ ‘گزشتہ سال لوگوں نے مجھے قید کرنے کی کوشش کی، میں نے اپنی زندگی کا سب سے خوفناک وقت گزارا ہے اور میں امید کرتی ہوں کہ ان تکلیفوں سے تجربہ حاصل کرکے نئے سال کوتبدیل کرسکوں گی’۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ’گزشتہ برس میری فلمیں کامیاب نہیں ہوئیں، مجھ پر مقدمات درج کیے گئے، اس سب نے مجھے بہت پریشان کردیا تھا لیکن آپ کو واقعی پتہ نہیں ہوتا کہ زندگی حیران کردینے کا نام ہے‘۔
اداکارہ نے انٹرویو میں بتایا کہ ‘اکیلے ہونے کے باوجود بھی مجھے تنہائی محسوس نہیں ہوتی، لیکن ایک وقت ایسا آیا جب مجھے کسی کی ضرورت تھی اور یہ وہ وقت تھا جب فلم ’سمرن‘ ناکام ہوئی‘۔
انہوں نے بتایا کہ ‘اُس وقت اسکرپٹ رائٹر اپوروا اسرانی، فلم ساز کیتن مہتا، راکیش روشن سمیت کرن جوہر اور دیگر نے صرف مجھے ہی شدید تنقید کا نشانہ بنایا، اُس وقت انڈسٹری مجھے پیچھے کرنے کی کوشش میں تھی، یہی وہ وقت تھا جب مجھے زندگی میں گُھٹن محسوس ہوئی’۔
واضح رہے کہ کنگنا رناوٹ نے 2017 میں فلمساز کرن جوہر کے شو ’کافی وِد کرن‘ میں ان پر اقرباء پروری کا الزام عائد کیا تھا، جس کے بعد فلم نگری میں ایک نئی بحث کا آغاز ہوگیا تھا۔
کنگنا کے اس بیان کے بعد فلم نگری میں اپنے بچوں کو متعارف کرانے والے اداکاروں نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا تھا جبکہ ایک ایوارڈ شو میں کرن جوہر، سیف علی خان اور ورون دھون نے اداکارہ کا مذاق بھی اڑایا تھا۔
تاہم گزشتہ برس کے آغاز میں دونوں کے درمیان صلح ہوگئی تھی اور کرن جوہر نے کنگنا رناوٹ سے معذرت کرلی تھی۔