بالی ووڈ کے معروف اداکار راج پال یادَو پہلی اہلیہ کو یاد کر کے جذباتی ہوگئے۔
راج پال یادَو بالی ووڈ انڈسٹری میں سب سے منفرد حیثیت رکھتے ہیں اور مشہور اداکاروں میں سے ایک ہیں، ان کے مزاحیہ کردار ناظرین کو بے حد پسند ہیں۔
حال ہی میں اداکار راج پال یادو نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیا ہے جس میں انہوں نے اپنی زندگی سے متعلق کئی پہلوؤں پر بات کی ہے۔
بھارتی ویب سائٹ ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق راج پال یادَو نے کہا ہے کہ اُن کے گھر بیٹی کی پیدائش کے موقع پر پہلی اہلیہ کی موت واقع ہو گئی تھی، اُس وقت اُن کی عمر 20 سال تھی جب اُنہوں نے اپنی پہلی اہلیہ کا جنازہ اپنے کندھوں پر اٹھایا تھا۔
راج پال یادَو کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ جینے اور زندگی گزارنے کے خواب دیکھ رہے تھے اور اسی دوران اُن کی اہلیہ اُنہیں چھوڑ کر چلی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی اہلیہ سے بیٹی کی پیدائش سے اگلے دن ملنے جانا تھا مگر ایسا نہ ہو سکا۔
اداکار نے بتایا کہ اس حادثے کے بعد میری فیملی اور میری سالی نے بہت مدد کی، اُنہوں نے میری بیٹی کو کبھی محسوس نہیں ہونے دیا کہ اِس کی والدہ نہیں ہے، وہ بہت لاڈوں سے پلی بڑھی ہے۔
راج پال یادَو کا کہنا تھا کہ پھر 2003ء میں انہوں نے دوسری شادی کی، اُن کی دوسری اہلیہ نے اِن کا زندگی میں بہت ساتھ دیا ہے۔
راج پال یادَو نے اپنے کیریئر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے کبھی مختصر اسکرین ٹائم کے سبب کرداروں کو مسترد نہیں کیا ہے۔