18 سال سے کم عمر افراد کیلئے این سی او سی کی نظرثانی شدہ گائیڈ لائنز کا اعلان

18 سال سے کم عمر افراد کیلئے این سی او سی کی نظرثانی شدہ گائیڈ لائنز کا اعلان


نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے 18 سال سے کم عمر افراد کے لیے ویکسینیش سے متعلق نظرثانی شدہ گائیڈ لائنز کا اعلان کردیا۔

این سی او سی کے مطابق نظرثانی شدہ گائیڈ لائنز کا اطلاق آج سے ہوگا جس کے تحت کمزور مدافعتی نظام کے حامل 12 سے 17 سال کی عمر کے افراد کو فائز ویکسین لگوائی جائے گی۔

اس ضمن میں واضح کیا گیا کہ ایسے تمام افراد کو اپنی طبی رپورٹ پیش کرنی ہوگی جو کمزور مدافعتی نظام کی نشاندہی کرتی ہو۔

این سی او سی کے مطابق عام عوام کے لیے ویکسین لگانے کا عمل 17 سال کی عمر سے شروع ہوگیا ہے جبکہ 18 سال کی عمر کے افراد کو فائزر ویکسین لگائی جائے گی۔

علاوہ ازیں کہا گیا کہ 18 سال سے کم عمر افراد کو ویکسین لگوانے کے لیے چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (بی فارم) نمبر این آئی ایم ایس پر اندراج کے لیے شامل کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا کی چوتھی لہر جاری ہے جبکہ حکومت کی جانب سے ویکسینیشن کا دائرکار بھی بتدریج وسیع کیا جارہا ہے۔

اس حوالے سے این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا تھا کہ پاکستان نے ایک دن میں کورونا وائرس کی ویکسین کی ریکارڈ 15 لاکھ خوراکیں لگائی ہیں۔

این سی او سی نے ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ 31 اگست کو ملک میں مجموعی 15 لاکھ 90 ہزار 309 خوراکیں دی گئیں جو ایک دن میں اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

مزید یہ کہ این سی او سی نے اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ 30 ستمبر سے صرف مکمل طور پر ویکسین والے افراد کو اندرونی اور بین الاقوامی سطح پر سفر کرنے کی اجازت ہوگی اور آنے والے مسافروں پر بھی یہی شرط لاگو ہوگی۔

علاوہ ازیں 17 اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کو اپنی پہلی خوراک 15 ستمبر اور دوسری خوراک 15 اکتوبر تک ملنی چاہیے اور عدم تعمیل کی صورت میں انہیں تعلیمی اداروں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔


اپنا تبصرہ لکھیں