واشنگٹن: امریکا نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان کو موڈرنا ویکسین کی کھیپ بہت جلد بھیجے گا۔
وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری جین ساکی نے کہا کہ جو بائیڈن انتظامیہ فائزر ویکسین کی 20 لاکھ خوراک پیرو کو بھیج رہی ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ 15 لاکھ موڈرنا ویکسین پاکستان منتقل کی جا رہی ہیں۔
دریں اثنا ترک وزارت داخلہ نے بتایا کہ ترکی نے کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کے باعث بنگلہ دیش، برازیل، جنوبی افریقہ، بھارت، نیپال اور سری لنکا سے پروازوں اور تمام براہ راست سفر کو روک دیا ہے۔
اس حوالے سے کہا گیا کہ جو لوگ سفر سے قبل 14 روز میں ان ممالک سے ہوتے ہوئے کسی دوسرے ملک سے پہنچتے ہیں تو انہیں داخلے سے 72 گھنٹے قبل کے پی سی آر کے منفی ٹیسٹ رپورٹ دکھانی ہوگی اور انہیں 14 روز تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔
اس میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اور افغانستان سے آنے والے یا گزشتہ روز وہاں قیام کرنے والے افراد کو ترکی پہنچنے پر 10 روز کے لیے قرنطینہ کیا جائے گا۔
وزارت نے مزید کہا کہ برطانیہ، ایران، مصر اور سنگاپور سے آنے والے افراد کو پہنچنے سے 72 گھنٹوں کے اندر اندر کیا گیا پی سی آر کا منفی ٹیسٹ دکھانا ہوگا۔