15 منٹ میں 100 فیصد چارج ہونے والا ریڈمی نوٹ 11 پرو پلس کی جلد پاکستان آمد متوقع

15 منٹ میں 100 فیصد چارج ہونے والا ریڈمی نوٹ 11 پرو پلس کی جلد پاکستان آمد متوقع


شیاؤمی کی ذیلی کمپنی نے اپنے نئے فلیگ شپ ریڈمی 11 سیریز کے 3 فونز اکتوبر 2021 میں چین میں متعارف کرا ئے تھے۔

اب کمپنی کی جانب سے جلد یہ فونز پاکستان میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے (ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ کتنے فونز یہاں متعارف ہوں گے)۔

کمپنی کی جانب سے اکتوبر 2021 میں ریڈمی نوٹ 11، نوٹ 11 پرو اور نوٹ 11 پرو پلس کو چین میں ایک ایونٹ کے دوران پیش کیا گیا تھا اور 26 جنوری کو انہیں ایک ایونٹ میں متعارف کرانے کا بتایا ہے۔

کمپنی نے واضح تو نہیں کیا مگر پاکستان میں اس کی ویب سائٹ پر بھی ایونٹ کا ٹیزر موجود ہے تو امکان ہے کہ جلد یہ پاکستانی مارکیٹ میں بھی دستیاب ہوں گے۔

ریڈمی 10 سیریز کے مقابلے میں اس بار نئے فونز میں کافی کچھ تبدیل کیا گیا ہے جیسے نیا ڈیزائن، پراسیسر اور دیگر فیچرز۔

تینوں فونز میں آئی آر بلاسٹر، جے بی ایل ٹیونڈ اسٹیریو اسپیکرز اور ہیڈ فون جیک موجود ہیں۔

خاص بات یہ ہے کہ نوٹ 11 پرو اس وقت 108 میگا پکسل مین کیمرے سے لیس سب سے سستا اسمارٹ فون بھی ہے جبکہ پرو پلس میں 120 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے جس سے ڈیوائس محض 15 منٹ میں صفر سے 100 فیصد چارج ہوسکتی ہے۔

ریڈمی نوٹ 11 پرو میں 6.67 انچ کا امولیڈ ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ اور 360 ہرٹز ٹچ سیمپلنگ ریٹ سپورٹ کے ساتھ ہے۔

نوٹ 11 پرو — فوٹو بشکریہ ریڈمی
نوٹ 11 پرو — فوٹو بشکریہ ریڈمی

ڈیوائس میں میڈیا ٹیک کا ڈیمینسٹی 920 پراسیسر موجود ہے جبکہ 6 سے 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشنز دستیاب ہوں گے۔

فون کے فرنٹ پر 16 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔

نوٹ 11 پرو میں 5160 ایم اے ایچ بیٹری 67 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے۔

فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس کا مین کیمرا 108 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرے موجود ہیں۔

اسی طرح نوٹ 11 پرو پلس کافی حد تک پرو ماڈل سے ملتا جلتا ہی ہے، عنی 6.67 انچ کی ایف ایچ ڈی پلس امولیڈ اسکرین 120 ہرٹز ریفریش ریٹ اور 360 ہرٹز ٹچ سیمپلنگ سپورٹ کے ساتھ ہے۔

نوٹ 11 پرو پلس — فوٹو بشکریہ ریڈمی
نوٹ 11 پرو پلس — فوٹو بشکریہ ریڈمی

فون کے اندر ڈیمینسٹی 920 پراسیسر موجود ہے جبکہ 6 سے 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشنز دستیاب ہوں گے۔

مگر فون کی خاص بات اس کی فاسٹ چارجنگ سپورٹ ہے۔

فون میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ 120 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ فون محض 15 منٹ میں صفر سے 100 فیصد چارج ہوسکتا ہے۔

ریڈمی نوٹ 11 پرو پلس کے بیک پر بھی 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس کا مین کیمرا 108 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرے موجود ہیں۔

فون کے فرنٹ پر 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں