سام سنگ نے گلیکسی ایف سیریز کا ایک نیا اسمارٹ فون متعارف کرا دیا ہے۔
گلیکسی ایف 23 ایف 22 کی جگہ لے گا جس میں پہلے سے بہتر اسکرین اور زیادہ طاقتور پراسیسر دیا گیا ہے۔
گلیکسی ایف 23 میں 5 جی سپورٹ موجود ہے جبکہ 6.6 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ اور فل ایچ ڈی پلس ریزولوشن کے ساتھ دیا گیا ہے۔
یہ گلیکسی ایف سیریز کا پہلا فون ہے جس میں اسکرین کے تحفظ کے لیے گوریلا گلاس 5 پروٹیکشن فراہم کیا گیا ہے۔
اسی طرح 8 میگا پکسل سیلفی کیمرا واٹر ڈراپ نوچ میں چھپا ہوا ہے۔
فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس کا مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرے موجود ہیں۔
گلیکسی ایف 23 میں اسنیپ ڈراگون 750 جی پراسیسر موجود ہے جو کہ ایف 22 کے ہیلیو جی 80 کے مقابلے میں بہت زیادہ بہتر ہے۔
فون میں 4 سے 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج موجود ہے جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے جبکہ ڈوئل سم سپورٹ بھی فون کا حصہ ہے۔
گلیکسی ایف 23 میں اینڈرائیڈ 12 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج ون یو آئی 4.1 سے کیا گیا ہے۔
بلیوٹوتھ 5.0، یو ایس بی سی پورٹ بھی ڈیوائس کا حصہ ہے مگر ہیڈفون جیک موجود نہیں۔
جہاں تک بیٹری کی بات ہے تو وہ 5000 ایم اے ایچ کی ہے جس کے ساتھ 25 واٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے۔
اور ہاں اس فون کے ساتھ باکس میں چارجر موجود نہیں دیا جارہا اور اس طرح یہ سام سنگ کا پہلا ایسا مڈرینج فون ہے جس کے ساتھ اڈاپٹر دستیاب نہیں ہوگا۔
اس فون کو سب سے پہلے بھارت میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جس کی قیمت 210 (37 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) اور 220 ڈالرز (39 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوگی۔