آزاد کشمیر کے لیے 1124 میگاواٹ کے سہ فریقی کوہالہ ہائیڈرو پاور منصوبے کے معاہدے پر دستخط کردیے گئے۔
تاریخی معاہدے پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم عمران خان اور چینی سفیر یاؤ جنگ نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ منصوبہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا حصہ ہے اور معاہدے کے تحت پن بجلی کے اس منصوبے پر 2.4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
انہوں نے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تاریخی معاہدہ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پن بجلی کی پیداوار کی بڑی صلاحیت موجود ہے، پاکستان میں جب تک پانی سے بجلی پیدا ہوتی رہی تو اس کی قیمت کم تھی جس کے نتیجے میں سستی بجلی میسر آنے کے ساتھ ساتھ ترقی کی رفتار بھی تیز رہی، لیکن بعد ازاں درآمدی ایندھن پر انحصار بڑھنے سے بجلی کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں جس کے زرمبادلہ کے ذخائر، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں سستی اور صاف توانائی کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیل سے بجلی بنانے سے ماحول پر بھی اثرات مرتب ہوتے ہیں، ہمیں صاف اور سستی بجلی کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے یہ منصوبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے، اس سے ملک میں صاف توانائی کے رجحان میں اضافہ ہوگا جبکہ تعمیرات اور پن بجلی کے منصوبوں سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔
عمران خان نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ جلد مکمل ہو گا اور آزاد کشمیر سمیت پورے ملک کو اس کا فائدہ ہوگا۔