لاہور: فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی ضروریات کی تعمیل, معیشت کو ڈیجیٹل بنانے اور آٹومیشن کی سمت میں ایک قدم کے طور پر وفاقی حکومت نے تمام درآمد کنندگان پر یہ لازمی قرار دیا ہے کہ وہ 10 لاکھ روپے سے زیادہ کی ڈیوٹی اور ٹیکس کی ادائیگی ای-پیمنٹ سسٹم کے ذریعے کریں گے۔
بدھ (20 جنوری) سے دس لاکھ روپے سے زائد کے تمام ڈیوٹیز اور ٹیکسز صرف ای-ادائیگی کے نظام کے ذریعے ہی ادا کیے جائیں گے جس میں انٹرنیٹ، موبائل بینکنگ، اے ٹی ایمز، او ٹی سی یا دیگر الیکٹرانک طریقہ کار جو اسٹیٹ بینک سے منظور شدہ ہو۔
آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (آپٹما) کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے لاہور کسٹمز (اپریزلز) کے کلیکٹر محسن رفیق نے انکشاف کیا کہ یہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی ضروریات میں سے ایک تھا۔
ای-ادائیگی میں ٹیکس دہندگان کا اعتماد اور دلچسپی تیزی سے بڑھتی جارہی ہے اور اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ مالی سال جولائی تا دسمبر 2020 کے دوران انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی ای ادائیگیوں کا تناسب 6.26 فیصد سے بڑھ کر مالی سال 2021 کی اسی مدت کے دوران 40 فیصد سے زائد ہوگیا۔
اسی طرح ان ای ادائیگیوں میں جمع کی جانے والی رقم کا تناسب رواں سال کے اسی عرصے کے دوران مجموعی ادائیگیوں کے 13.55 فیصد سے بڑھ کر 76.5 فیصد ہوگیا ہے۔
آسان اور پریشانی سے پاک ادائیگی کے لیے ایف بی آر کے تمام ٹیکسز کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ چند صوبائی ٹیکسز کی سہولت متعارف کروائی گئی ہے۔
تاجر پورے ملک میں بندرگاہوں اور سرحدی اسٹیشنز پر کسٹمز کمپیوٹرائزڈ سسٹم ویب او سی کے ذریعے الیکٹرانک طور پر تمام درآمدی محصولات اور ٹیکس ادا کرسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ ٹیکس دہندگان اپنے گھروں سے بھی الیکٹرانک طور پر انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادا کرسکتے ہیں۔
ای ادائیگی کا نظام ٹیکس دہندگان اور تاجروں کو کسٹم ڈیوٹی اور دیگر ایف بی آر ٹیکس کے ساتھ ساتھ صوبائی سیس اور اسٹامپ ڈیوٹی کی آن لائن ادائیگی کے لیے 24 گھنٹے سہولت فراہم کرتا ہے۔
یہ سہولت ملک بھر میں بینک برانچز کے 15 ہزار سے زائد اے ٹی ایمز کا استعمال کرکے انٹرنیٹ اور موبائل بینکاری کے ذریعے بھی دستیاب ہے۔
کورونا وائرس کے دوران اس سہولت نے تاجروں اور دیگر ٹیکس دہندگان کی بہت مدد کی کیونکہ تمام لین دین جسمانی تعامل کے بغیر مکمل کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال پاکستان کسٹمز کی جانب سے ای ادائیگی سسٹم کے ذریعے 18.6 فیصد امپورٹ ڈیوٹی اور ٹیکس اکٹھا کیا جارہا ہے۔