یہ مزیدار پھل اس موسم میں کھانا کیوں ضروری ہے؟

یہ مزیدار پھل اس موسم میں کھانا کیوں ضروری ہے؟


یہ گرما کا موسم ہے جو کہ گرم موسم کی شدت دور بھگانے کے لیے فائدہ مند پھل ہے۔

رسیلا اور مزیدار ہونے کے ساتھ ساتھ یہ صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند بھی ہے جس میں اینٹی آکسائیڈنٹس، وٹامنز اور دیگر اجزا موجود ہیں، جن کی بدولت بینائی بہتر ہوتی ہے، بلڈ پریشر مستحکم رہتا ہے، دورانِ خون بڑھتا ہے۔

آسان الفاظ میں غذا میں اس کا اضافہ صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے۔

ویسے تو غذا میں کسی بھی پھل کا اضافہ فائدہ مند ہوتا ہے مگر اس موسم میں خربوزے کی اس قسم سے لطف اندوز مت بھولیں۔

بیٹا کیروٹین

بیٹا کیروٹین جسم میں وٹامن اے میں تبدیل ہوجاتا ہے اور ایک طاقتور اینٹی آکسائیڈنٹ کے طور پر کام کرتا ہے۔

وٹامن اے آنکھوں کی صحت، خون کے صحت مند سرخ خلیات اور صحت مند مدافعتی نظام کے لیے اہم ہوتا ہے۔

وٹامن سی

گرما کے ایک کپ میں روزانہ درکار وٹامن سی کی 100 فیصد مقدار ہوتی ہے۔

وٹامن سی خون کی شریانوں، مسلز اور ہڈیوں میں موجود کولیگن کے بننے میں کردار ادا کرتا ہے جبکہ خیال کیا جاتا ہے کہ اس سے مختلف امراض سے تحفظ بھی ملتا ہے مگر اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

مگر وٹامن سی سے بھرپور غذا کا استعمال ممکنہ طور پر نزلہ زکام کی مدت کو ضرور کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

فولیٹ

فولیٹ یا وٹامن بی 9 کو فولک ایسڈ کے نام سے زیادہ جانا جاتا ہے۔

فولیٹ کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ کچھ اقسام کے کینسر اور عمر کے ساتھ یادداشت میں آنے والی تنزلی کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے، مگر اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

اسی طرح حاملہ خواتین میں فولیٹ کی کمی بچوں میں پیدائش نقائص کا خطرہ بھی بڑھاتی ہے۔

پانی

خربوزے کی مختلف اقسام کی طرح گرما میں پانی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو کہ لگ بھگ 90 فیصد کے قریب ہے۔

اس پھل کو کھانا دن بھر میں جسم کو مناسب مقدار میں پانی فراہم کرتا ہے جو کہ دل کی صحت کے لیے مفید ہے۔

جسم میں پانی کی کمی سے دل کے لیے خون پمپ کرنا مشکل ہوتا ہے مگر ہائیڈریشن سے ہاضمہ، گردوں کی صحت بہتر ہوتی ہے جبکہ بلڈ پریشر مستحکم ہوتا ہے۔

اس کے مقابلے میں پانی کی معمولی کمی سے سر چکرانے، سردرد، کم پیشاب آنا، جلد خشک ہونا، منہ خشک ہونا، قبض جیسے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔

پانی کی کمی سے گردوں میں پتھری کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔

فائبر

فائبر نہ صرف قبض کے مسئلے کی روک تھام کرتا ہے بلکہ امراض قلب، ذیابیطس جیسے امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے جبکہ جسمانی وزن میں کمی لانے میں بھی مدد ملتی ہے۔

گرما میں فائبر بھی موجود ہوتا ہے جو صحت کے لیے مفید ہے۔

پوٹاشیم

گرما میں پوٹاشیم بھی ہوتا ہے جو جسمانی خلیات اور سیال کے درمیان پانی کے توازن کو درست رکھتا ہے جبکہ یہ اعصاب اور مسلز کی صحت کے لیے بھی اہم جز ہے۔

پوٹاشیم سے بھرپور غذا کا استعمال بلڈ پریشر کو بڑھنے سے بھی روکتا ہے۔

دیگر وٹامنز اور منرلز

ایک کپ گرما میں وٹامن کے، کولین، کیلشیئم، میگنیشم، فاسفورس، زنک، کاپر، مینگنیز اور سیلینیم کی کچھ مقدار بھی ہوتی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں