بھارت کے لیجنڈری اداکار رشی کپور کے انتقال پر بالی وڈ ستاروں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
کینسر کے عارضے میں مبتلا رشی کپور طویل عرصے سے علیل تھے اور انہیں گزشتہ روز طبیعت بگڑنے پر ممبئی کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ دنیائے فانی سے کوچ کرگئے۔
بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن، فرحان اختر، پریانکا چوپڑا، جون ابراہم، تاپسی پنو، روینا ٹنڈن، ارشد وارثی، رتیش دیش مکھ اور اجے دیوگن سمیت دیگر ستاروں نے رشی کپور کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
امیتابھ بچن
بالی وڈ شہنشاہ امیتابھ بچن نے رشی کپور کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’رشی چل بسا‘۔
پریانکا چوپڑا
اداکارہ پریانکا چوپڑا نے رشی کپور کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک عہد کا اختتام ہے، آپ کے جیسا دل اور ٹیلنٹ پھر کبھی نہیں ملے گا۔
اکشے کمار
اکشے کمار نے رشی کپور کے انتقال کو انتہائی افسوسناک خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ رشی کپور کا بچھڑنا دل ٹوٹنے جیسا ہے، وہ لیجنڈ، بہترین ساتھی اداکار اور فیملی کے اچھے دوست تھے ، ایسا لگتا ہے جیسے ہم کسی ڈراؤنے خواب میں ہیں۔
روینا ٹنڈن
اداکارہ روینا ٹنڈن نے رشی کپور کے لیے لکھا کہ ’ہم آپ کو شدت سے یاد کریں گے‘۔
فرحان اختر
فرحان اختر لکھتے ہیں کہ رشی کپور کا جدا ہونا فلم انڈسٹری اور مداحوں کے لیے ایسا نقصان ہے جسے پورا نہیں کیا جاسکتا۔
اجے دیوگن
اجے دیوگن نے بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے رشی کپور کے اہل خانہ سے تعذیت کی۔