یو اے ای کی کمپنیز کا بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا اعلان

یو اے ای کی کمپنیز کا بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا اعلان


کراچی : متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریئل اسٹیٹ کمپنیوں نے پاکستان میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تعمیراتی صنعت کی ترقی کے لیے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، متحدہ عرب امارات میں قائم ریئل اسٹیٹ کمپنیوں کا ایک پاکستانی کاروباری گروپ ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز آف پاکستان (آباد) کے ذریعے 20 سے 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

اس بات کا اعلان متحدہ عرب امارات کی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کے ایک وفد نے کیا، جن میں المیر، حبیب گروپ اور مارک اسٹون شامل ہیں۔

ABAD

متحدہ عرب امارات کی ریئل اسٹیٹ کی کمپنی المیر ریئل اسٹیٹ بروکریج دبئی کے بانی وچیئرمین کریم عامر علی نے پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں 20 سے 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی اور بڑے پیمانے پر رہائشی وکمرشل یونٹس کی طلب یو اے ای کے ریئل اسٹیٹ سے وابستہ سرمایہ کاروں کے لیے ایک منافع بخش مارکیٹ ہے۔

اس موقع پر حکومت پاکستان کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز سردار قیصر حیات نے کہا کہ تعمیراتی شعبے میں متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری سے نہ صرف خوشحالی آئے گی بلکہ رہائشی سہولیات کے بین الاقوامی معیار کو بھی متعارف کرایا جائے گا۔

چیئرمین آباد آصف سم سم نے المیر ریئل اسٹیٹ بروکریج دبئی کی جانب سے کراچی میں تعمیراتی شعبے میں 25 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری سے پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں انقلاب برپا ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں