روس کے صدر ولادیمر پیوٹن نے کہا ہے مغربی ممالک کے مجموعی ایٹمی ہتھیار بھی روس کے ایٹمی ہتھیاروں کا مقابلہ نہیں کرسکتے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یوکرین میں فتح کے لیے روس کو ایٹمی ہتھیاروں کی ضرورت نہیں۔
پیوٹن نے یہ بات سینٹ پیٹرز برگ عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
روس کے صدر نے کہا کہ ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق ہر چیز طے اور تحریر شدہ ہے، ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال صرف غیرمعمولی حالات ہی میں ممکن ہے، اگر خودمختاری اور ملکی سلامتی کو خطرہ ہو تو انہیں استعمال کیاجاسکتا ہے تاہم وہ نہیں سمجھتے کہ ایسی صورتحال کا ابھی روس کو سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک روسی کردار موجود ہے روس کو ایٹمی ہتھیاروں کی ضرورت نہیں۔
ایک سوال پر ولادیمر پیوٹن نے کہا کہ روس کے نیوکلیئر ڈاکٹرائن میں تبدیلی خارج از امکان نہیں ضرورت پڑی تو روس ایٹمی ہتھیاروں کا ٹیسٹ بھی کرے گا مگر ان کے نزدیک ابھی اس کا وقت نہیں آیا۔
یوکرین جنگ شروع ہونے سے روس اب تک یوکرین کے 880 اسکوائر کلومیٹر علاقے پر قبضہ کرچکا ہے اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ لڑائی ایٹمی جنگ میں بدل سکتی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا کے 90 فیصد ایٹمی ہتھیار روس اور امریکا کے پاس ہیں۔